کے پی سے غیر قانونی افغانیوںکی واپسی میں سست روی پر محکمہ داخلہ برہم
اسلام آباد،پشاور: (بیورورپورٹ) محکمہ داخلہ نے خیبرپختونخوا میں غیر قانونی افغان باشندوں کی وطن واپسی میں سست روی کا نوٹس لیتے ہوئے قانون نافذ کرنےوالے اداروں کو کارروائیاں تیز کرنے کی سخت ہدایات جاری کر دیں۔
پولیس کو ہدایت کی گئی ہے کرائے کے گھروں میں مقیم افغان باشندوں کےخلاف فوری کارروائی کی جائے، افغان مہاجرین کےلئے قائم کیمپ صوبائی حکومت کےلئے مالی بوجھ بن چکے ہیں اس لیے انہیں ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے کیونکہ حکومت مزید اخراجات برداشت نہیں کر سکتی، محکمہ داخلہ نے مزید کہا غیر قانونی افغان شہریوں کا مکمل ڈیٹا ضلعی پولیس افسران کو فراہم کر دیا جائے اور جہاں ڈیٹا مرتب ہو چکا ہے متعلقہ محکموں کے حوالے کر کے کارروائیاں شروع کی جائیں۔
دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما شوکت یوسفزئی نے کہا افغان مہاجرین کو واپس بھیجنے کی کبھی مخالفت نہیں کی گئی،نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شوکت یوسفزئی نے کہا حکومت افغان مہاجرین کی واپسی کیلئے شیڈول بنالے، افغان مہاجرین خود جا رہے ہیں لیکن ابھی راستے بند ہیں، افغان مہاجرین اپنی جائیداد فروخت کر رہے ، سرحد پر 3،4دن لوگ بھوکے پیاسے پڑے رہتے ہیں،اقدام سے غلط پیغام جاتا ہے، عمران خان کا سوشل میڈیا اکاونٹ کہاں سے آپریٹ ہو رہا ہے علم نہیں ، بیرسٹر گوہر بھی لاعلم ہیں، باہر بیٹھے لوگ بانی پی ٹی آئی کے نام پر دکان چمکا رہے ہیں۔



















