پشاور میں ایف سی ہیڈکوارٹر پر خودکش حملے کی تحقیقات میں پیشرفت، اہم انکشافات

پشاور (مشرق نیوز) پشاور میں ایف سی ہیڈکوارٹر پر خودکش حملے کی تحقیقات میں پیشرفت سامنے آئی ہے، جس میں دہشت گردی کی اس کارروائی سے متعلق مزید انکشافات ہوئے ہیں۔ سی ٹی ڈی کے مطابق فیڈرل کانسٹبلری ہیڈکوارٹر میں خودکش دھماکوں کی تفتیش شروع کر دی گئی ہے اور اس سلسلے میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے جسمانی اعضا حاصل کرلئے گئے ہیں جنہیں ڈی این اے ٹیسٹنگ کیلئے لیبارٹری بھجوایا گیا ہے۔

دہشت گردی کے واقعہ کی تحقیقات کے حوالے سے سی ٹی ڈی کے مطابق تینوں حملہ آور ایک ہی موٹر سائیکل پر آئے تھے۔ دہشت گرد کوہاٹ روڈ اور سول کوارٹر سے ہوتے ہوئے جائے وقوعہ پر پہنچے، جہاں حملہ آوروں نے ایف سی ہیڈکوارٹر سے کچھ فاصلے پر موٹر سائیکل کھڑی کی۔

سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردوں کے پاس کلاشنکوف اور 8 سے زائد دستی بم موجود تھے۔ پولیس نے دہشت گردی میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل بھی تحویل میں لے لی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز ایف سی ہیڈ کوارٹر پشاور پر 3 دہشت گردوں نے حملے کی کوشش کی تھی اور دہشت گردی کی اس کارروائی میں 3 جوان شہید اور 11 زخمی ہوئے تھے جب کہ جوابی کارروائی میں تینوں دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے۔