بنوں (مشرق نیوز) سکیورٹی فورسز نے بنوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کر کے 22 خوارج کو ہلاک کردیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن فتنہ الخوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا، سکیورٹی فورسز نے موثر انداز میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، شدید فائرنگ کے تبادلے میں 22 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں مزید بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج کی تلاش کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق عزم استحکام کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی، سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دشمن نیٹ ورکس کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ غیر ملکی سرپرستی اور پشت پناہی سے چلنے والی دہشت گردی کا مکمل صفایا بنیادی ہدف ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بنوں میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 22 دہشت گردوں کو ہلاک سکیورٹی فورسز نے بڑی کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں افواج کے ساتھ کھڑی ہے، ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔
سکیورٹی فورسز کا بنوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 22 خوارج جہنم واصل



















