پاک چین سٹریٹجک تعلقات مزید مضبوط ، توانائی ،معدنیات شعبوں میں تعاون پر اتفاق
اسلام آباد:(بیورورپورٹ)پاکستان چین نے سٹریٹجک تعلقات مزید مضبوط ، توانائی ،معدنیات شعبوں میں تعاون پر اتفاق کرلیا،وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک سے چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے ملاقات کی،مضبوط و دیرینہ شراکت دارانہ تعلقات کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
علی پرویز ملک نے چین کو پاکستان منرل انویسٹمنٹ فورم (پی ایم آئی ایف) 2026 میں شرکت کی باضابطہ دعوت دیتے ہوئے کہاکان کنی کا شعبہ موجودہ حکومت کی ترجیح ،دوطرفہ تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
چینی سفیر نے دعوت کا خیرمقدم کرتے ہوئے اپنی بھرپور حمایت کا یقین دلایا اور کہا اپنے متعلقہ اداروں کے سربراہوں کو پاکستان منرل انویسٹمنٹ فورم میں شرکت کی ترغیب دیں گے،معدنیات کے شعبے میں تعاون اہم ستون ،چینی کمپنیاں پاکستان کے پٹرولیم،معدنیاتی شعبوں میں فعال کردار ادا کر رہی ہیں۔
علی پرویز ملک نے مشکل معاشی حالات کے دوران چین کی مستقل اور مخلصانہ معاونت پر گہرے تشکر کا اظہار کرتے ہوئے کہاپاکستان اپنے چینی بھائیوں کےساتھ ہر سطح پر کھڑا اور چین کی سالمیت و علاقائی استحکام کی مکمل حمایت کرتا ہے۔
چینی سفیر نے کہا پاکستان کی ترقی کےلئے پرعزم ہیں ،باہمی تعاون کے ذریعے معاشی ترقی میں کردار ادا کرتے رہیں گے،دونوں ممالک نے عزم کااعادہ کیاہر موسم کی آزمودہ سٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بناتے ہوئے سرمایہ کاری و مشترکہ خوشحالی کے نئے راستے کھولے جائیں، توانائی ،معدنیات کے شعبوں میں تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جایا جائےگا۔



















