یتیم خانہ چوک اور دیگر علاقوں کی بندش سے شہری پریشان

لاہور(کرائم رپورٹر)اقبال ٹاﺅن ڈویژن کے علاقہ میں نوانکوٹ کی حدود میں واقع خادم رضوی کا سالانہ عرس جو کہ ہر سال نومبر میں منایا جاتا تھا۔ اس حوالے سے پولیس نے ایک دو روز قبل ہی ٹی ،ایل ،پی کے ورکرز اور ذمہ داران کی گرفتاری کیلئے کریک ڈاﺅن شروع کر دیا تھا۔ اسکے علاوہ خاص کر چوک یتیم خانہ اور سبزہ زار سکیم موڑ پر رکاوٹیں رکھ کر روڈ بند کر دیئے ہیں جس کے باعث دوسرے شہروں کو سے آنے والوں اور مقامی رہائشی افراد کو بڑی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہاہے۔ اس بارے میں مقامی رہائشیوں رانا قاسم،حارث،شیخ ارسلان ،افتخار مغل اور مدثر وغیرہ نے ”مشرق“ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کو چاہئے تھا کہ عرس کے حوالے سے جو بھی ایکشن اور کارروائیاں کرنا تھی کرتے لیکن یہاں روڈ پہلے ہی جیسے ان لوگوں نے مدرسہ کی حد تک جو بند کر رکھا تھا ویسے ہی رکھتے اس کی وجہ سے عوام کو کم پریشانی اٹھانا پڑتی تھی جب سے مکمل روڈ بلاک کر دیئے ہیں اس کے باعث گھروں سے دفاترجانا اور وہاں سے آنا بڑا مشکل ہو گیا ہے اسی طرح بچوں اور بچیوں کے کالج،یونیورسٹیز اور سکولوں تک رسائی نا ممکن ہو گئی ہے اور جو وہاں قریب تعلیمی ادارے تھے وہ جمعہ تک ویسے ہی بند کر دیئے گئے ہیں ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو چکا ہے ساری ٹریفک گلی محلوں میں گھس چکی ہے جہاں سے لوگ اپنے گھروں سے باہر سودا سلف لینے جانا محال ہو گیا ہے۔ اسی طرح ایمرجنسی کی صورت میں یہاں سے گھنٹوں ذلیل و خوار ہونا پڑ رہا ہے انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے التجا کی ہے کہ اس طرف توجہ دی جائے اور کم سے کم ٹریفک کی روانی کیلئے کوئی احسن اقدام اٹھایا جائے جس سے لوگوں کو آنے اور جانے میں دشواری نہ ہو۔