آزاد کشمیر کی 20 رکنی کابینہ تشکیل، حلف اٹھا لیا،18 وزرا،2 مشیر شامل
مظفرآباد :(بیورورپورٹ)آزاد کشمیر کی 20 رکنی کابینہ نے حلف اٹھا لیا،18 وزرا،2 مشیر شامل ہیں۔
حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں ہوئی، قائمقام صدر آزاد جموں وکشمیر چودھری لطیف اکبر نے وزرا،وزیراعظم راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے مشیروں سے حلف لیا،تقریب میں سابق صدر و وزیراعظم سردار یعقوب ، سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس ، چیف سیکرٹری، آئی جی،سیکرٹریز ،پیپلزپارٹی کے کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
وزرا میں میاں عبدالوحید، سردار جاوید ایوب، جاوید اقبال بڈھانوی، چودھری ارشد ، چودھری رشید، علی شان سونی، سید بازل علی نقوی، سردار حسین خان، چودھری یاسر سلطان، اخلاق احمد، عامر یاسین، سردار ضیا القمر، ظفر اقبال ملک، دیوان علی خان چغتائی، رفیق نیئر، قاسم مجید، سردار فہیم اختر ربانی اور نبیلہ ایوب شامل ہیں،سردار احمد صغیر ،فہد یعقوب نے بطور مشیر حلف اٹھایا،سیکرٹری سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ظفر محمود خان نے تقرری کا نوٹیفکیشن پڑھ کر سنایا۔
دریں اثناعوامی وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کہاعوام کی خدمت مشن ،وقت کم ہے ،ایک لمحہ بھی ضائع نہیں کرینگے، 6 ماہ کی حکومت آنیوالی حکومت کا ٹریلر ہے اگر تاریخ رقم کرنا چاہتے ہیں تو مجھے تقرریوں تبادلوں تک محدود نہ رکھنا،عوام ،ریاست کی تمام سیاسی جماعتوں کی امیدیں وابستہ ہیں، پیپلز پارٹی کی عوامی حکومت محرومیوں کو دور کرنے کےلئے بھرپور کردار ادا کرے گی،عوام کے ووٹ کی طاقت سے اسمبلی پہنچا، وزارت عظمیٰ ملنے کے بعد حویلی والوں کی ذمہ داری بھی زیادہ ہے۔



















