ارے بھائی ہمارے پاس تو ویسے بھی اب کھونے کو کچھ نہیں بچا، جسٹس ہاشم کاکڑ
اسلام آباد: (بیورورپورٹ) جسٹس ہاشم کاکڑ کا کیس کی سماعت کے دوران ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹر ملک جمیل ظفر سے اہم مکالمہ ، جسٹس ہاشم کاکڑ کے ہلکے پھلکے انداز میں دیئے گئے ریمارکس پر کمرہ عدالت میں قہقہے لگ گئے۔
ڈی آئی جی اسلام آباد ہیڈ کوارٹر اسلام آباد کے وکیل شاہ خاور عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اپنایا فیصل آباد کی ایک ٹرائل کورٹ میں فوجداری مقدمہ زیر سماعت تھا، ٹرائل کورٹ نے گواہوں کو پیش کرنے کا حکم دیا،ایڈووکیٹ شاہ خاور نے کہا میرے موکل اس وقت ایس پی تھے، ان کے خلاف ٹرائل کورٹ نے آرڈر میں آبزرویشنز دیں،جسٹس اشتیاق ابراہیم نے ریمارکس دیئے صرف لوگوں کو جیل میں ڈالنا نہیں ہوتا، عدالتوں میں گواہوںکو پیش بھی کرنا ہوتا ہے، ٹرائل کورٹ کے جج صاحب خود جا کر گواہان کو لا تو نہیں سکتے تھے،جسٹس ہاشم کاکڑ نے استفسار کیا شاہ خاور صاحب آپ کےساتھ تو پولیس والا کھڑا ہے، کیا یہی ڈی آئی جی ہے۔
ایڈووکیٹ شاہ خاور نے جواب دیا جی مائی لارڈ یہی ہیں،جسٹس ہاشم کاکڑ نے مسکراتے ہوئے ہلکے پھلکے انداز میں ریمارکس دیئے یہ دیکھیں یہ یہاں کھڑا ہمیں ڈرا رہا ہے، ارے بھائی ہمارے پاس تو ویسے بھی اب کھونے کو کچھ نہیں بچا،جج کے ریمارکس پر کمرہ عدالت میں قہقہے لگ گئے جبکہ عدالت عظمیٰ نے معاملہ ہائیکورٹ بھجوا دیا،سپریم کورٹ نے کہا فیصل آباد کی ٹرائل کورٹ نے پولیس افسر کےخلاف آبزرویشنز دیں، لاہور ہائی کورٹ کے ایک جج نے چیمبر میں فیصلہ سناتے ہوئے ٹرائل کورٹ کی آبزرویشنز برقرار رکھیں، ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جاتا ہے، ہائی کورٹ کی اپیل بحال کی جاتی ہے،عدالت نے ریمارکس دیئے وکیل درخواست گزار نے کہا بغیر سنے فیصلہ دیا گیا، ہائی کورٹ میرٹس پر کیس کا دو ماہ میں سن کر فیصلہ کرے۔



















