امریکی ،چینی سفرا کی ملاقاتیں ،مذاکرات ،دہشتگردحملے ایک ساتھ نہیں چل سکتے: نقوی

اسلام آباد: (بیورورپورٹ) وزیر داخلہ محسن نقوی سے قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے ملاقات کی ،اسلام آباد دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے گہری ہمدردی کا اظہار کیا،امریکہ کی قائم مقام نیٹلی بیکر نے حملے کو دہشت گردی کی سنگین کارروائی قرار دیتے ہوئے پاکستان کی دہشت گردی کےخلاف جنگ میں قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

محسن نقوی نے کہا دہشت گرد عدالتوں کو نشانہ بنانا چاہتے تھے، سکیورٹی کی وجہ سے اندر داخل نہ ہو سکے، حملے سے جڑے تمام کرداروں کی ٹریسنگ مکمل ، سہولت کاروں کو گرفتار کر لیا ، مذاکرات اور دہشتگردحملے ایک ساتھ نہیں چل سکتے ، پاکستان کےلئے دہشت گردی کا مقابلہ ترجیح ہے، وفاقی وزیر نے پاکستان اور امریکہ کے تعلقات کو دوستی اور باہمی اعتماد پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا دونوں ممالک مل کر دہشت گردی کے خلاف لڑنے کےلئے پرعزم ہیں۔

قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے پاکستان کی انسداد دہشت گردی کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا امریکہ جنگ میں پاکستان کےساتھ مکمل تعاون فراہم کرے گا،دوسری جانب وزیر داخلہ محسن نقوی سے چینی سفیر جیان زیڈونگ کی ملاقات میں دہشت گردی کےخلاف تعاون اور سکیورٹی کے امور میں باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا، سکیورٹی تعلقات اور دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات کے دوران چینی سفیر نے اسلام آباد ڈسٹرکٹ کورٹ کے قریب خودکش حملے کی شدید مذمت کی اور انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا چین، پاکستان کو مکمل تعاون فراہم کرتا رہے گا،محسن نقوی نے کہا پاکستان کے چین سے تعلقات باہمی اعتماد اور احترام کی بنیاد پر قائم ہیں، چین پاکستان کا ایک قابل اعتماد دوست ہے جو ہر مشکل موقع پر پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔