3اہم آئینی و عدالتی اداروں کی تشکیل نو، 27 ویں ترمیم کےخلاف درخواستوں پر سماعت کیلئے فل بنچ تشکیل
اسلام آباد،لاہور:(بیورورپورٹ)27 ویں ترمیم کے بعد سپریم جوڈیشل کونسل، جوڈیشل کمیشن اور پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی کی تشکیل نو ،اعلامیہ جاری کردیا گیا۔
سپریم کورٹ سے جاری اعلامیے کے مطابق دونوں چیف جسٹس صاحبان کی مشاورت سے جسٹس جمال مندوخیل سپریم جوڈیشل کونسل ،پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی کے رکن بن گئے۔
سپریم جوڈیشل کونسل کے سربراہ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی ہوں گے ، چیف جسٹس آئینی عدالت امین الدین خان دوسرے سینئر ممبر کے طور پر خدمات انجام دیں گے،جسٹس منیب اختر، حسن رضوی ،جمال مندوخیل بھی جوڈیشل کونسل کے اراکین میں شامل ہیں،جسٹس عامر فاروق کو جوڈیشل کمیشن کارکن بنادیا گیا۔
اعلامیے میں واضح کیا گیا جسٹس مندوخیل کی نامزدگی دونوں چیف جسٹس کی مشاورت سے کی گئی تاکہ عدلیہ کے مختلف اداروں میں شفافیت و موثر کارکردگی کو یقینی بنایا جا سکے،آئینی ڈھانچے میں تبدیلی کے بعد اداروں کو نئے قواعد کے مطابق دوبارہ تشکیل دیا گیا ادارے اب نئے آئینی ڈھانچے کے تحت احتساب، عدالتی تعیناتیوں ،عدالتی انتظامی امور میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
واضح رہے 3اہم قانونی اداروں میں سپریم جوڈیشل کونسل ججوں کے احتساب کا سب سے بڑا فورم ، پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی بنچ بنانے ،مقدمات مقرر کرنے کی ذمہ دار،جوڈیشل کمیشن اعلیٰ عدلیہ میں ججوں کی تعیناتی کرتا ہے۔
دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ نے 27 ویں ترمیم کےخلاف درخواستوں پر سماعت کیلئے فل بنچ تشکیل دےدیا،جسٹس صداقت علی خان سربراہ،جواد حسن اور سلطان تنویر ممبر ہوں گے۔
دائر درخواست میں وزیراعظم ،سپیکر قومی اسمبلی کو بذریعہ سیکرٹریز فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا ترمیم کے ذریعے سپریم کورٹ کا اصل اختیار ختم کر کے وفاقی آئینی عدالت بنا دی گئی ، سپریم کورٹ کی حیثیت کمزور ہونے ،عدلیہ کی آزادی متاثر ہونے کا اندیشہ ہے، لاہور ہائیکورٹ 27ترمیم کو کالعدم قرار دے۔



















