آرمی چیف اب چیف آف ڈیفنس فورسز بھی ہوں گے، مدت 5سال ،بل منظور

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)آرمی چیف اب چیف آف ڈیفنس فورسز بھی ہوں گے،عہدے کی مدت 5سال مقرر،وفاقی کابینہ ،قومی اسمبلی نے پاکستان آرمی، ایئر فورس اور نیوی ایکٹ میں ترامیم کی منظوری دےدی۔

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایازصادق کی زیر صدارت ہونےوالے اجلاس میںبل وزیر دفاع خواجہ آصف نے پیش کیے ،سپیکر نے رائے شماری کرائی ،ایوان نے کثرت رائے سے منظور ی دی۔

مجوزہ آرمی ایکٹ کے مطابق آرمی چیف کا بطور چیف آف ڈیفنس فورسز نیا نوٹی فکیشن جاری ہو گا، نئے نوٹی فکیشن کے بعد آرمی چیف کی مدت دوبارہ سے شروع ہوگی،آرمی چیف چیف آف ڈیفنس پاک فوج کے تمام شعبوں کی ری سٹرکچرنگ و انضمام کریں گے، وزیراعظم آرمی چیف، چیف آف ڈیفنس کی سفارش پر کمانڈر نیشنل سٹریٹجک کمانڈ تعینات کریں گے۔

ایکٹ کے مطابق کمانڈر نیشنل سٹریٹجک کمانڈ کی مدت ملازمت 3 سال ہو گی، کمانڈر نیشنل سٹریٹجک کمانڈ کو 3 سال کےلئے دوبارہ تعینات کیا جا سکے گا،27 نومبر سے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کا عہدہ ختم ہو جائےگا۔

وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا آرمی چیف اب چیف آف ڈیفنس فورسز بھی ہوں گے،عہدے کی مدت 5 سال ہو گی،وزیر اعظم چیف آف ڈیفنس فورسز کی تعیناتی کریں گے،تقرری کی مدت تعیناتی کے دن سے شروع ہوگی ،27ویں ترمیم کو موجودہ قانون سے ہم آہنگ کرنے کےلئے ترامیم لائی گئیں،چیف آف ڈیفنس کا عہدہ تعیناتی کی تاریخ سے 5سال کا ہوگا۔

قبل ازیں وفاقی کابینہ نے پاکستان آرمی ،ایئر فورس ،نیوی ایکٹ میں ترامیم کی منظوری دی،وزیراعظم نے تمام وزرا کا 27ویںترمیم کی منظوری پر شکریہ ادا کیا ،وزرا نے شہبازشریف کومبارکباد دی اور کھڑے ہوکر استقبال کیا۔

اعلامیے کے مطابق پاکستان آرمی ،ایئر فورس ،نیوی ایکٹ میں ترامیم کا مقصد قوانین کو 27ویں ترمیم سے ہم آہنگ کرنا ہے، ترامیم کے تحت چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی کا عہدہ موجودہ چیئرمین کی ریٹائرمنٹ کے بعد ختم ہو جائےگا،قوانین میں فیلڈ مارشل، مارشل آف دی ایئر فورس، ایڈمرل آف دی فلیٹ کے عہدے بھی شامل کردئیے گئے۔

وفاقی کابینہ نے فیڈرل کانسٹیٹیوشنل کورٹ (پروسیجر اینڈ پریکٹس) ایکٹ 2025 کے مسودے کی بھی منظوری دےدی، اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 7 نومبر 2025 کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔