افغانستان دہشتگردوں کےخلاف کارروائی کرے تعاون کو تیار ہیں، شہباز

اسلام آباد: (بیورورپورٹ) وزیراعظم نے کہا ہے افغان حکومت کالعدم ٹی ٹی پی و دیگر گروہوں کےخلاف مو ثر کارروائی کرے تو پاکستان تعاون کیلئے تیار ہے۔

بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا امن و سلامتی و ترقی کے موضوع پرپارلیمانی رہنماوں کو پلیٹ فورم پر لانا پاکستان کیلئے باعث فخر ہے، امن واستحکام ہی پائیدار ترقی کی بنیاد ہے۔

سپیکرز، پارلیمنٹیرینز اورشرکا کو خوش آمدید کہتے ہوئے شہباز شریف نے کہا پاکستان نے کئی بار امن دشمن کارروائیوں کا سامنا کیا، ہم نے ہمیشہ استحکام اوردفاع وطن میں عزم کا مظاہرہ کیا، مسلح افواج نے بہترین پیشہ ورانہ کارکردگی سے دشمن کے عزائم ناکام بنائے،دنیا کو دکھایا پاکستان اپنی خودمختاری اورعلاقائی سالمیت کے تحفظ کیلئے ہر قیمت ادا کرے گا، پاکستان اورافغانستان کے درمیان بات چیت میں تعاون پر بردارممالک کو سراہتے ہیں، پرامن اورمستحکم افغانستان ہی علاقائی روابط، ترقی اور خوشحالی کی کنجی ہے، شدت پسند گروہ افغانستان اوراس کے باہرامن کےلئے خطرہ بنے ہوئے ہیں، پاکستان نے ہمیشہ مظلوم اقوام کی حمایت کی۔

وزیراعظم نے شرکا پر واضح کیا سمجھتے ہیں ترقی اسی معاشرے میں ممکن ہے جہاں امن اورسلامتی ہو، دنیا بھر میں جاری تنازعات نے امن کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے، امن و ترقی لازم وملزوم ہیں،حکومت نے جامع معاشی اصلاحات کا آغاز کیا، پائیدارترقی،ادارہ جاتی مضبوطی،خواتین ونوجوانوں کو بااختیار بنانے اورمساوی مواقع یقینی بنارہے ہیں، ایس ایم ایز کے فروغ، روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر توجہ مرکوز ہے، خواتین کو ڈیجیٹل مہارتیں سکھانے ،مالی سہولیات دینے پر خصوصی توجہ دی، پاکستان عالمی شراکت داروں کےساتھ ملکر مالیاتی اصلاحات لارہا ہے، سرمایہ کاری میں آسانی اورماحولیاتی استحکام کےلئے کام کررہے ہیں، کوئی ملک تنہا ترقی نہیں کرسکتا، ہماری قسمتیں ایک دوسرے سے جڑی ہیں، پارلیمان عوام کی امانت اورامیدوں کی محافظ ہے، عوام کے خوابوں اورتوقعات کو حقیقت میں بدلنے کیلئے اپنی صلاحیتیں بروئے کار لانا ہماری ذمہ داری ہے۔

شہبازشریف نے کہا یقین ہے کانفرنس میں دانشمندانہ گفتگو ہمارے اجتماعی سفر کو مزید مستحکم کرے گی، خواہش ہے دنیا کی تمام اقوام امن،ترقی اورمشترکہ خوشحالی کےلئے متحد ہوں، ایک ایسا مستقبل تشکیل دیا جائے جو پائیدارامن اورانسانی ترقی پر مبنی ہو،دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت جناح میڈیکل کمپلیکس اینڈ ریسرچ سینٹر کی تعمیر پر پیش رفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا،وزیر اعظم نے اجلاس میں ہدایت کی جناح میڈیکل کمپلیکس کی تمام جدید طبی سہولیات کےساتھ معیاری تعمیر کو جامع حکمت عملی کے تحت مکمل کیا جائے۔