افغانستان دہشتگردی کا مرکز ،طالبان پشت پناہی بند کریں،بیانات نہیں ،ایکشن چاہیے،پاکستان

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)پاکستان نے واضح کردیابیانات سے کام نہیں چلے گا، افغان حکومت کالعدم ٹی ٹی پی کےخلاف ایکشن لے،تعلقات میں بہتری دہشتگرد تنظیم کی سرپرستی بند کرنے سے مشروط ہے۔

نجی ٹی وی،صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا قطر و ترکیہ نے دونوں ممالک میں عبوری معاہدہ کرایا،6نومبر کو ہونےوالے مذاکرات کے ایک اور دور میںطریقہ کار طے کیا جائےگا،سب سے بڑا مطالبہ ہے کابل کی سرزمین سے دراندازی بند ہو،ساری افغان قیادت کو الزام نہیں دوں گا، پشت پناہی میں حکومت میں شامل بہت سے لوگ ملوث ہیں،افغانستان کی طرف سے خلاف ورزیوں کا جواب دے رہے ہیں، ہمسایوں کی طرح رہنا تبھی ممکن جب ٹی ٹی پی کی سرپرستی مکمل بند ہو،سرپرستی بند نہ ہوئی تو افغانستان سے تعلقات کبھی معمول پر نہیں آ سکتے۔

خواجہ آصف نے کہا 6 نومبر کو استنبول ورکنگ گروپ اجلاس میں مکینزم کی شکل آہستہ آہستہ سامنے آئےگی، اپنے ثالثوں قطر ،ترکیہ کےساتھ رشتہ بڑا عزیز ہے، چاہتے ہیں مذاکرات کا سہرا ثالثوں کے سر آئے اور کاوشیں کامیاب ہوں،تھوڑی بہت روشنی کی کرن نظر آتی، افغانستان سے دراندازی نہ ہونے کی گارنٹی تک اعتبار کرنا تھوڑا مشکل ہے،وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے بیانات ملکی سلامتی کے منافی ہیں اب نیازی لا نہیں چلے گا،پی ٹی آئی کے لوگ ایک شخص کی خاطر ملکی بقا کو خطرے میں ڈال رہے ہیں،وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی وفاق کے حصے دار ہیں ،معاملات میں حصہ لینا چاہیے اگر وزیراعلیٰ نیازی لا کے تحت چلنا چاہتے ہیں تو پاکستان کسی فرد واحد کی ملکیت نہیں، انسان آتے جاتے رہتے ، پاکستان 25 کروڑ عوام کی ملکیت ہے۔

وزیر دفاع نے کہا افغان سرزمین سے دراندازی مکمل طور پر بند ہونی چاہیے، دہشتگردی کیخلاف اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے جہاں ضرورت ہوئی طاقت کا بھرپور استعمال کریں گے، افغانستان میں دہشتگردی کے مراکز ،طالبان رجیم پشت پناہی بند کردے،ثالث پاکستانی مفادات کی مکمل دیکھ بھال کریں گے ، دہشتگردی روکے بغیر 2 ہمسایوں کے تعلقات میں بہتری کی گنجائش نہیں ، کابل کو پاکستان میں امن کی ضمانت دینا ہوگی، کالعدم ٹی ٹی پی ہو یا بی ایل اے دہشتگردی برداشت نہیں کریں گے۔

قبل ازیں اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا چوروں کی طرح داخل ہونے والے پناہ گزین نہیں، دہشتگرد ہیں، کیسے پناہ گزین ہیں جو اپنے گھروں میں انتہائی تباہ کن اسلحہ سے مسلح ہو کر جا رہے ہیں اور وہ بھی سڑکوں یا گاڑیوں نہیں بلکہ چوروں کی طرح پہاڑوں کے دشوار گزار راستوں سے پاکستان میں داخل ہو رہے ہیں،افغان وفد کی تاویل دراصل نیت کے فتور و خلوص سے عاری روئیے کا ثبوت ہے۔

وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا امید ہے اب دہشتگرد کارروائیاں نہیں ہوں گی، جنگ بندی کی خلاف ورزی کرنےوالے فریق کےخلاف سزا کا تعین کیا جائے گا،دوست ممالک پاکستان کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں،طالبان کو یقینی بنانا ہوگا سرزمین پاکستان کےخلاف استعمال نہ ہو،سرحدیں کھولنے کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔

وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری نے کہا مشترکہ اعلامیہ پاکستان کے اصولی موقف کی جیت ، بھارت افغان سلامتی وخودمختاری کی ضمانت نہیں دے سکتا،امید ہے چیزیں مثبت طریقے سے آگے بڑھیں گی، بھارت کی پراکسی بننے سے ہوسکتا ہے افغانستان اپنی خودمختاری کھو بیٹھے۔

وزیرمملکت قانون وانصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا بیانات سے کام نہیں چلے گا، افغان حکومت ٹی ٹی پی کےخلاف ایکشن لے،طالبان رجیم کی درخواست پرپاکستان نے امن کو ایک اورموقع دیا ،حملے بند نہ ہوئے تو پاکستان بھرپور طاقت سے جواب دے گا، افغانستان میں موجود مختلف گروپس آپس میں تذبذب کا شکار ہیں۔

بیرسٹر عقیل ملک نے کہا پاکستان کو قومی سکیورٹی بہت عزیز ہے،خواجہ آصف زیرک سیاست دان ہیں، مشوروں کی ضرورت نہیں، بطور وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھرپور موقف پیش کیا، افغانیوں کی میزبانی الٹا گلے پڑ گئی۔

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)دفتر خارجہ نے کہا ہے اکتوبر میں افغان سرزمین سے پاکستانی علاقوں پر بلااشتعال حملے کیے گئے، اشتعال انگیزیوں کا بھرپور جواب دیا ، پاکستان امن کا خواہاں ہے مگر اپنی خود مختاری ، عوام کے تحفظ کےلئے ہر اقدام اٹھائے گا۔

ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے طاہر اندرابی نے کہا پاکستان ہر حال میں اپنی علاقائی سالمیت و خود مختاری کا دفاع کرےگا، مستقبل میں بھی کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائےگا،مذاکرات کا دوسرا دور پاکستان ،افغان طالبان حکومت کے درمیان استنبول میں اختتام پذیر ہوا، مثبت جذبے ،سنجیدہ روئیے کے ساتھ شرکت کی، پاکستان کا موقف واضح رہا افغان سرزمین دہشتگردی کےلئے استعمال نہیں ہونی چاہیے، افغان حکومت سے دہشتگرد گروہوں کےخلاف ٹھوس و قابل تصدیق اقدامات کامطالبہ کردیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا پاکستان نے 4 سال افغان حکام کو دہشتگرد تنظیموں کی موجودگی کی قابل اعتبار معلومات فراہم کیں، بارہا یقین دہانیوں کے باوجود افغانستان سے پاکستان پر حملے بڑھے،6 نومبر کے مذاکرات میں مثبت نتیجے کی امید رکھتے ہیں،قطر ،ترکیہ کا تعمیری کردار قابل تعریف ہے۔

طاہر انداربی نے کہا پاکستان مقبوضہ کشمیر کے عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا،بھارتی غیرقانونی 78 سالہ قبضے کی شدید مذمت کرتے ، کشمیریوں کو امنگوں ،اقوام متحدہ قرار دادوں کے مطابق حق خود ارادیت ملنا چاہیے۔