پاکستان ، افغانستان جنگ بندی جاری رکھنے پر متفق ، مشترکہ اعلامیہ

استنبول( ) پاکستان اور افغانستان جنگ بندی جاری رکھنے پر متفق ، استنبول مذاکرات کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق ترکیہ اور قطر کی ثالثی میں پاکستان ، افغانستان کے درمیان 25 سے 30 اکتوبر تک استنبول میں مذاکرات ہوئے ، مذاکرات دوحہ میں 18 اور 19 اکتوبر کو طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کو مضبوط بنانے کے لیے منعقد کیے گئے۔

اعلامیے میں کہا گیا فریقین نے جنگ بندی کے تسلسل پر اتفاق کیا ، جنگ بندی نفاذ کے قواعد و ضوابط 6 نومبر سے استنبول میں ہونے والے مذاکرات میں طے کیے جائیں گے۔

فریقین نے جنگ بندی پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے نگرانی اور تصدیق کا مشترکہ نظام تشکیل دینے پر بھی اتفاق کیا جو کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں ذمہ دار فریق پر جرمانہ عائد کرنے کا اختیار رکھے گا۔

اعلامیے کے مطابق ثالث ممالک ترکی اور قطر نے دونوں فریقوں کے مثبت کردار کو سراہا اور کہا وہ خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنے تعاون کو جاری رکھیں گے ۔