وزیراعظم نے بلوچستان کی طالبہ کو اپنی نشست پر بٹھادیا

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیراعظم نے پرائم منسٹر یوتھ لیپ ٹاپ سکیم کی افتتاحی تقریب میں بلوچستان کی طالبہ کو اپنی نشست پر بٹھادیا،تقریب میں بلوچستان کے ضلع نوشکی سے تعلق رکھنے والی میڈیکل کی طالبہ درجان نے شرکت کی۔

درجان نے کہا2023 میں تب لیپ ٹاپ ملا جب بولان میڈیکل یونیورسٹی میں فزیو تھراپی تعلیم کیلئے داخلہ لیا،2023 میں لیپ ٹاپ ملنے سے تعلیمی میدان میں بہت زیادہ مدد ملی، وزیراعظم نے ثابت کردیا صرف تعلیم نہیں ، سازو سامان میسر ہو تو بلوچستان کی بچیاں ہر جگہ نام روشن کرسکتی ہیں۔

طالبہ نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا وزیراعظم کی نشست کے قریب جگہ ملی تو خود حیران رہ گئی بلوچستان کی بیٹی وزیراعظم کے قریب بیٹھی ہے،وزیراعظم اور ہال میں موجود شرکاءنے کھڑے ہوکر درجان کیلئے تالیاں بجائیں ،سٹیج سے واپس آئیں تو وزیراعظم نے شاباش دیتے ہوئے اپنی نشست پر بٹھادیا،وزیراعظم کی جانب سے محبت اور شفقت ملنے پر درجان فرط جذبات پر قابو نہیں رکھ سکیں۔