مقبوضہ کشمیر پر بھارتی قبضے کیخلاف یوم سیاہ، مظاہرے، ریلیاں، بھارتی ترنگے، مودی کے پتلے نذرآتش

کراچی، اسلام آباد، مظفر آباد، لاہور (بیورو رپورٹ+ خبرنگار) مقبوضہ کشمیر پر بھارتی قبضے کیخلاف ملک بھر میں یوم سیاہ، مظاہرے، ریلیاں، بھارتی ترنگے، مودی کے پتلے نذرآتش کئے گئے، کشمیری شہداءکی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی، یوم سیاہ پر آزاد کشمیر سمیت پاکستان بھر میں ریلیاں نکالی گئیں،اسلام آباد کی شاہراہ دستور، پارلیمنٹ ہاوس اور ڈی چوک پر کشمیر بنے گا پاکستان کے بینرز آویزاں کئے گئے، دفتر خارجہ سے ڈی چوک تک یکجہتی واک کا انعقاد کیا گیا، وزارت امور کشمیر کے زیر اہتمام، وزارت خارجہ اور وزارت اطلاعات کے اشتراک سے احتجاجی ریلی دفتر خارجہ سے ڈی چوک تک نکالی گئی،ریلی میں جموں و کشمیر لبریشن سیل، حریت رہنماوں اور سرکاری افسران کی بڑی تعدادنے شرکت کی،مختلف سیاسی و سماجی رہنما ﺅں نے ریلیوں میں کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کیا،سکولوں و کالجوں کے بچے اور بچیاں بھی شریک تھیں،شرکاءنے پلے کارڈز اور بینرز اٹھائے کشمیری عوام کے حق میں نعرے لگا ئے، شرکاءنے کہایوم سیاہ کا مقصد بھارتی قبضے کے خلاف عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنا ہے،پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے،لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں نے پیر کو یوم سیاہ تجدید عہد کے ساتھ منایا۔