کے پی میں ملیں بند،مولا جٹ والی بھڑکوں سے عوام کے چولہے نہیں جلتے،عظمیٰ بخاری

لاہور:(اپنے رپورٹر سے )وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہاہے آٹے کی فراہمی پر کسی قسم کی پابندی نہیں لگائی،الزام حقائق کے منافی، پنجاب کے عوام کا حق کسی دوسرے صوبے کے سیاسی تماشوں پر قربان نہیں کرینگے۔

اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ہرشہری کیلئے آٹے کی دستیابی اور مناسب قیمت کو یقینی بنایا یہی عوام دوست طرز حکمرانی ہے جو دوسروں کو ہضم نہیں ہو رہا، کے پی میں200سے زائد فلورملز بند پڑی ہیں ،وزیر اعلیٰ کے پی کو مشورہ ہے وہ اڈیالہ کے باہر احتجاج کی بجائے اپنے صوبے کی فلور ملز کو چلانے پر توجہ دیں۔

صوبائی وزیر نے کہا پنجاب کے پاس 8 لاکھ 85 ہزار میٹرک ٹن گندم کے محفوظ ذخائر موجود ، مالیت تقریباً 100 ارب ہے،وزیر اعلیٰ مریم نواز کی دور اندیش اور منظم پالیسیوں کا ثبوت ہے،کے پی حکومت اگر واقعی اپنے عوام کےلئے فکر مند ہے تو گندم پاسکو یا بیرون ملک سے خریدے، سیاسی نعروں اور مولا جٹ والی بھڑکوں سے عوام کے چولہے نہیں جلتے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا بین الصوبائی سطح پر گندم یا آٹے کی ترسیل پر کوئی پابندی نہیں، آئین کے آرٹیکل 18 اور قانون کے تحت ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کو روکنے کےلئے اجازت ناموں اور ڈیجیٹل ریکارڈنگ سسٹم کو لازم قرار دیا گیا ،مارکیٹ میں آٹے کی مسلسل دستیابی اور قیمتوں کا استحکام برقرار رکھنے کیلئے پنجاب حکومت عوام کو سستی روٹی کی فراہمی کےلئے فلور ملز کو 3000 روپے فی من کے حساب سے گندم دے رہی ہے۔