پنجاب، فضائی آلودگی شدت اختیار کرگئی، سانس لینا بھی صحت کیلئے خطرہ

لاہور (مشرق نیوز) لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر وسطی علاقوں میں فضائی آلودگی شدت اختیار کرنے لگی، کھلی فضا میں سانس لینا بھی صحت کیلئے خطرہ بن گیا۔ لاہور کے علاقے راوی روڈ میں صبح کے اوقات میں ایئر کوالٹی انڈیکس 810 تک پہنچ گیا، شہر میں اوسط اے کیو آئی 367 پارٹیکولیٹ میٹرز ریکارڈ کیا گیا، گوجرانوالہ میں 627 اور فیصل آباد میں 434 ریکارڈ ہوا، ماہرین نے شہریوں کو ماسک کے استعمال کا مشورہ دیدیا ہے۔

محکمہ تحفظ ماحولیات کا کہنا ہے کہ سموگ میں اضافے کی بڑی وجہ ہوا کے کم دباو والے زونز اور سرحد پار سے آنے والی آلودگی ہے۔ بھارتی پنجاب سے آنے والی آلودہ ہواوں کے باعث لاہور اور وسطی پنجاب کے دیگر شہروں میں فضائی آلودگی میں اضافے کا امکان ہے، محکمہ ماحولیات کے ترجمان کے مطابق سموگ کے اثرات لاہور، قصور، شیخوپورہ اور گوجرانوالہ تک پھیل چکے ہیں، رات اور صبح کے اوقات میں فضا میں نمی 95 سے 100 فیصد تک پہنچنے سے آلودگی کی شدت مزید بڑھ گئی ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ ہوا کے کم دباو والے زونز اور سرحد پار سے آنے والی آلودگی سموگ میں اضافے کی بڑی وجوہات ہیں، بھارتی پنجاب اور جنوبی پنجاب میں دھوئیں اور گرد آلود ذرات کے باعث لاہور کی فضا مسلسل متاثر رہنے کا خدشہ ہے۔ محکمہ ماحولیات نے بتایا کہ زرعی علاقوں میں دھان کی باقیات جلانے سے گریز کیلئے مساجد اور دیہاتوں میں اعلانات کئے جا رہے ہیں جبکہ نمبرداروں اور کسانوں کو آگاہی فراہم کی جارہی ہے۔

ترجمان کے مطابق لاہور کے زیادہ ایئر کوالٹی انڈیکس اے کیو آئی والے علاقوں میں سموگ گنز کا استعمال جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 48 گھنٹوں میں فضا میں سموگ کی شدت میں کمی کا امکان ہے، جبکہ ہوا کی رفتار میں معمولی اضافہ بھی ریکارڈ کیا گیا ہے۔