آخری منٹ تک مذاکرات کیے مگر ٹی ایل پی والے نہیں مانے،وفاقی وزرا


اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا ہے ٹی ایل پی نے احتجاج کے دوران پرتشدد رویہ اپنایا ،اسلحہ تانے جتھوں نے گولیاں چلائیں،ٹی ایل پی عہدیداروں کے علاوہ کسی اور مدرسے یا علما کرام پر ایکشن کی اجازت ہے نہ ہی دیں گے۔

وفاقی وزرا عطاتارڑ، سردار یوسف ،وزیرمملکت داخلہ طلال چودھری کےساتھ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہامذاکرات آخری منٹ تک ہوتے رہے، ٹی ایل پی کے اعلیٰ عہدیدار خود بتائیں گے اڑھائی بجے تک سرکاری ٹیم کےساتھ بیٹھے رہے اور ہرمرتبہ یہی کہا گیا واپس چلے جائیں، کچھ نہیں کہا جائے گا،ہر بار شرائط ایک سے بڑھ کر تھیں،فہرست دیکھیں تو شرط فلاں قاتل و دہشتگرد ہے کو جیل سے رہا کردیا جائے تو کیا ریلی فلسطین کےلئے تھی۔

وزیر داخلہ نے کہا کارروائی صرف پرتشدد مظاہرین کیخلاف کی گئی،پولیس نے راستہ کلیئر کرایا،پرامن احتجاج سب کا حق ہے،جلاو گھیراو کا نہیں،سڑکیں کھلوانے والے شاباش کے مستحق ہیں، مسلح جتھے کےساتھ ڈیل کرنا آسان نہیں تھا ،گھروں ،مساجد کے میناروں میں پوزیشنیں لیکربراہ راست فائرنگ کرتے رہے،پاکستان کی اعلیٰ دینی و سیاسی شخصیت مذاکرات میں آئی تو دھوکہ دیا گیا،پچھلے 2،3ماہ سے کیا ایسی چیز آگئی ہر 15 روز بعد بڑا احتجاج ہونا ضروری ہے، پیچھے کہیں نہ کہیں کسی نہ کسی طریقے سے براہ راست نہیں تو کسی طرح کا لنک آج یا سال بعد ضرور نظر آئے گا۔

محسن نقوی نے کہاپرامن احتجاج آپ کا حق ہے ضرور کریں لیکن اسلحہ لےکر آئیں گے اور گاڑیاں توڑیں گے تو اجازت نہیں ہوگی،ٹی ایل پی نے گاڑیاںگن پوائنٹ پر لیں،فوٹیجز موجود ہیں۔

عطا تارڑ نے کہا جلاو گھیراو ،امن تباہ کرنے کی کسی صورت اجازت نہیں دیں گے،پاکستان نے فلسطین کا معاملہ ہرعالمی فورم پرلڑا،بہن بھائیوں کا بھرپور ساتھ دیا،جنگ بندی معاہدے سے فلسطینی سجدہ ریزہوئے، پوری دنیا میں فلسطینیوں کے حق میں پرامن مظاہرے کیے گئے، لندن، اٹلی، برطانیہ میں احتجاج کے دوران ایک گملا نہیں ٹوٹا،پاکستان میںاحتجاج کے نام پرپرتشدد کارروائیاں کی گئیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا فلسطین کے حق میں کیسا احتجاج ہے جدید ہتھیار، خنجر، چاقو اٹھائے لوگ شریک ہوئے، احتجاج کرنے والوں کو حق کس نے دیا سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچائیں،پولیس انسپکٹر کو شہید کیاگیا،21گولیاں لگیں،100زائد اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

سردار یوسف نے کہا ٹی ایل پی والوں نے پولیس پر گولیاں برسائیں، گولیاں چلانے ،توڑ پھوڑ کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہو گی۔