KPمیں دہشتگردی کے پیچھے سیاسی و مجرمانہ گٹھ جوڑ،آپریشن مخالف حکومت قبول نہیں ،ترجمان پاک فوج


راولپنڈی ،پشاور :(بیورورپورٹ) ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے ریاست مخالف قیادت کا آنا ممکن نہیں، کسی کو ریاست کےخلاف سازش کی اجازت نہیں دی جا سکتی، عوام کو ایسے شخص کے فیصلے پر نہیں چھوڑ سکتے جو کے پی میں دہشتگردی واپس لانے کا اکیلا ذمہ دار ہو، خیبرپختونخوا میں سوچے سمجھے منصوبے کے تحت دہشتگردوں کو جگہ دی گئی، خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے پیچھے سیاسی و مجرمانہ گٹھ جوڑ ہے ،خمیازہ خیبرپختونخوا کے عوام بھگت رہے ہیں،نیشنل ایکشن پلان کے تمام نکات پر عمل نہ ہونے سے دہشتگردی میں اضافہ ہوا۔

پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا پریس کانفرنس کا مقصد خیبرپختونخوا میں سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینا ہے، خیبرپختونخوا کے غیور عوام دہشت گردی کا مقابلہ کر رہے ہیں، دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ کر پھینکیں گے،افواج پاکستان کی جانب سے تجدید عزم کرنے آیا ہوں،خیبرپختونخوا میں جان بوجھ کر دہشت گردوں اورسہولت کاروں کو جگہ دی گئی، یہ بیانیہ کہاں سے آگیا افغان مہاجرین کو واپس نہیں بھیجنا، گورننس، مجرمانہ سیاسی پشت پناہی کا خمیازہ خیبرپختونخوا کے عوام بھگت رہے ہیں۔

ترجمان پاک فوج نے کہا دہشت گردی ختم نہ ہونے کی 5 بنیادی وجوہات ہیں، نیشنل ایکشن پلان پر عمل نہ کرنا، دہشت گردی کے معاملے پر سیاست کرنا اور قوم کو سیاست میں الجھانا، بھارت کا افغانستان کو دہشت گردی کے بیس کیمپ کے طور پر استعمال کرنا، افغانستان میں دہشت گردوں کو جدید ہتھیاروں اور پناہ گاہوں کی دستیابی، مقامی اور سیاسی پشت پناہی کا حامل دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کا گٹھ جوڑ دہشت گردی کی بنیادی وجوہات ہیں، صرف 2024 اور 2025 میں پاکستان جہنم واصل کیے جانےوالے افغانیوں کی تعداد 161 بنتی ہے، افغانستان کی سرحد سے دخل اندازی کرتے ہوئے 135 خارجی مارے گئے جبکہ 2 سال میں خود کش حملے کرنے والے 30 حملہ آور میں افغان شہری تھے، اعداد و شمار افغانستان کو بھارت کے دہشت گردی کے بیس کیمپ کے طور پر عیاں کرتے ہیں، 2014 میں آرمی پبلک سکول پر ہونےوالے حملے کے بعد سیاسی و ملٹری لیڈر شپ نے مشترکہ نیشنل ایکشن پلان مرتب کیا، دہشت گردی میں اضافے کی وجوہات نیشنل ایکشن پلان پر پوری طرح عمل درآمد نہ ہونا ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا سوال ہوتا ہے دہشت گردی کے زیادہ واقعات خیبرپختونخوا میں ہی کیوں ہوتے ہیں، پنجاب اورسندھ میں گورننس قائم ہے، صوبوں میں پولیس اورقانون نافذ کرنے والے ادارے کام کررہے ہیں، خیبرپختونخوا میں ہونے والی دہشتگردی کے پیچھے سیاسی اور مجرمانہ گٹھ جوڑ ہے، افغانستان میں دہشت گردوں کی پناہ گاہیں موجود ہیں اور دہشتگردوں کو بھارت کی پشت پناہی حاصل ہے، بھارت کا افغانستان کو دہشت گردی کے بیس کے طور پر استعمال کرنا بھی دہشت گردی کی بڑی وجہ ہے، افغانستان میں امریکی انخلا کے بعد چھوڑے گئے ہتھیاروں کا بڑا حصہ دہشتگردوں کے ہاتھ لگا،ہم نے کئی دہائیوں تک افغان بھائیوں کی مہمان نواز کی، آج حکومت کہتی ہے افغان بھائی واپس جائیں توبیانیے بنائے جاتے ہیں، باتیں کی جاتی ہیں، افغان مہاجرین کے حوالے سے گمراہ کن باتیں کی جاتی ہیں، صرف ریاست، افواج، قانون نافذ کرنے والے ادارے ہی پاکستانی عوام کی سکیورٹی کے ضامن ہیں، پاکستانی عوام کی سکیورٹی کسی دوسرے ملک بالخصوص افغانستان کو رہن نہیں کی جاسکتی،آپ لوگ کہتے ہیں دہشت گردی ختم کیوں نہیں ہو رہی، 2014 اور 2021 میں فیصلہ ہوا دہشت گردی کےخلاف جنگ میں پولیس اور کاونٹرر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ کو مضبوط کیا جائےگا، ہم کے پی کی بہادر پولیس کو سلام پیش کرتے ہیں لیکن آپ نے تعداد صرف 3200 رکھی ہوئی ہے۔

پاک فوج کے ترجمان نے کہا خیبر پختونخوا میں گورننس کے خلا کو ہمارے سکیورٹی فورسز کے جوان اپنے خون سے پورا کر رہے ہیں، خیبر پختونخوا میں دہشتگردی کے پیچھے سیاسی اور مجرمانہ گٹھ جوڑ ہے لیکن کسی فرد واحد کو یہ اختیار نہیں دیا جا سکتا کہ وہ اپنی ذات کےلئے ریاست اور پاکستانی عوام کے جان، مال اور عزت کا سودا کرے، سوچے سمجھے منصوبے کے تحت دہشت گردوں اورسہولت کاروں کو سپیس دی گئی، کیا آج ہم ایک بیانے پر کھڑے ہیں؟ پچھلی حکومتی نے نیشنل ایکشن پلان سے کچھ نکات حذف کیے،نیشنل ایکشن پلان کے نکات پر سیاسی جماعتوں نے اتفاق رائے کیا، دھرتی کے بہادرسپوتوں نے اپنے خون سے بہادری کی تاریخ رقم کی ہے، کیا ہر مسئلے کا حل بات چیت میں ہے؟ ہر مسئلے کا حل بات چیت کے ذریعے ہوتا تو غزوات اورجنگیں نہ ہوتیں، تمام سیاسی جماعتیں پشاور میں بیٹھیں اور نیشنل ایکشن پلان بنایا، دہشتگردی کو جنگ سے اکھاڑنے کیلئے 14نکات پر اتفاق کیا گیا، کیا آج ہم ایک بیانیے پر کھڑے ہیں؟،بھار ت نے پاکستان پر حملہ کیا تو عوام نے کیوں نہیں کہا اگلے دن بات چیت کرلیں؟ دہشت گردی کے معاملے پر سیاست کی گئی اور قوم کو الجھایا گیا، دہشت گردی کے پیچھے گٹھ جوڑ کر مقامی اور سیاسی پشت پناہی حاصل ہے، ہزاروں پاکستانیوں،افواج،پولیس ،سکیورٹی اداروں کے جوانوں نے اپنے خون سے دھرتی کو سیچا ۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا 2024کے دوران کے پی میں مجموعی طور پر 14ہزار 535انٹیلی جنس بیسڈ آپریش کیے گئے، روزانہ 40انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیے جارہے ہیں، 2024 کے دوران آپریشنز میں 700سے زائد دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا گیا، خیبرپختونخوا میں 2024میں آپریشنز کے دوران 577قیمتی جانوں نے جام شہادت نوش کیا، شہدا میں پاک فوج کے 272بہادرافسر وجوان، پولیس کے 140اور165معصوم پاکستانی شامل ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا رواں سال اب تک خیبرپختونخوا میں 10ہزار 115انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیے جاچکے ہیں، یہ یومیہ 40انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن بنتے ہیں، آپریشنز کے دوران 917دہشتگردوں کوجہنم واصل کیا جاچکا ، سال 2025خیبرپختونخوا میں آپریشنز کے دوران 516قیمتی جانوں نے جام شہادت نوش کیا، شہدا میں پاک فوج کے311بہادرافسران وجوانان،پولیس کے73اور132معصوم پاکستانی شہری شامل ہیں،افواج پاکستان خیبرپختونخوا میں آئین وقانون مطابق انٹرنل سکیورٹی سرانجام دے رہی ہے، دہشت گردی کے پیچھے ٹیرر کرائم نیکسز ہے، منفی سیاست،الزام تراشی اورخارجی کرمنل مافیا کی سہولت کاری کے بجائے اپنی بنیادی ڈیوٹی پر توجہ دیں، امید ہے آپ افغانستان سے سکیورٹی کی بھیک مانگنے کے بجائے صوبے کے ذمہ داران کے طور پر اس کی حفاظت کریں گے، افواج پاکستان یہ بات واضح کرنا چاہتی ہے دہشتگردوں کے سہولت کاروں کےخلاف کھڑی ہے اورکھڑی رہے گی، خارجی دہشتگرد،سہولت کار کسی بھی عہدے پر ہو زمین تنگ کردی جائے گی۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا پاکستانی قوم بنیان مرصوص کی طرح دہشتگردوں ،سہولت کاروں کےخلاف کھڑی ہے اورکھڑی رہے گی، ہمارے شہدا کا خون کبھی رائیگاں نہیں جائے گا، واضح کرنا چاہتے ہیں اب اسٹیٹس کو نہیں چلے گا، جو شخص یاگروہ کسی مجبوری یا فائدے کی وجہ سے خارجیوں کی سہولت کاری کررہا ہے اس کے پاس3آپشنز ہیں، سہولت کاری کرنے والا خوارجیوں کو ریاست کے حوالے کردے، دہشتگردی کےخلاف کارروائیوں میں ریاستی اداروں کےساتھ ملکر ناسور کو اپنے انجام تک پہنچائیں، اگر یہ دونوں کام نہیں کرنے تو خارجیوں کے سہولت کار ہوتے ہوئے ریاست کی طرف سے ایکشن کےلئے تیار رہیں، 2021کی حکومت نے کچھ نکات جن پر کام ہوچکا تھا ان کو خارج کیا، موجودہ حکومت نے اس کو ریوائزڈنیشنل ایکشن پلان کوویژن استحکام کا نام دیا، نظرثانی شدہ نیشن ایکشن پلان پر عملدرآمد نہیں ہوا، احاطہ کرلیں ریوائزڈایکشن پلان کے باقی تیرہ نکات پر کیا کام ہورہا ہے۔

ترجمان پاک فوج نے کہا افغانستان کوپاکستان پر حملے کےلئے استعمال کیا جاتا ہے ، ثبوت اورشواہد موجود ہیں، ایک سیاسی مافیا کےلئے ہزاروں نان کسٹم پیڈگاڑیاں اہم ہیں، ریوائزڈ ایکشن پلان کا پوائنٹ ہے کہ ایک بیانیہ بنایا جائے، سوشل میڈیا اورسیاستدان مل کر یک زبان ہوکر دہشت گردی کےخلاف کھڑے ہوں گے، یہ ہم نے نہیں کہا،یہ آپ کے سیاسی عمائدین،سیاسی جماعتیں 2014سے بات پر متفق ہیں، دہشتگردوں کا کوئی دین اور ایمان نہیں، مجرمانہ بیانیے کی قیمت فوج، پولیس، بچے اور کے پی کی ترقی ادا کررہی ہے، پردہ ڈالنے کیلئے مزید کنفیوژ کیا جاتا ہے، کیا خوارجی نورولی محسوداوراس کے جتھے سے بات کریں؟، خوارجی نورولی محسود نے چند ماہ قبل کہا اسلام کی روح میں مشرک کےساتھ بھی الحاق جائز ہے، نورولی محسود کا اسلام تو یہ کہتا ہے،کیا اس سے بات چیت کریں؟دہشتگرد کا کسی مذہب، نسل یا سوچ سے تعلق نہیں، دہشتگرد آج ایک تنظیم میں ہے کل کہیں اورسے زیادہ پیسے ملیں گے وہ وہاں سے لڑے گا،دہشتگردوں کا خیبرپختونخوا کی روایات سے کوئی تعلق ہے؟ پاکستان کے عوام کے جان و مال کی حفاظت کرنے کیلئے جو ضروری اقدامات ہونے چاہئیں وہ کیے جائیں گے، کون کہتا ہے خوارجیوں اور دہشت گردوں سے بات کرنی چاہیے؟ کون ہے جو کہتا ہے پاکستان کی سکیورٹی کی گارنٹی کابل دے گا؟۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا فیصلہ افغانستان کے سرکردہ لوگوں نے خود کرنا ہے کہ کیا آپ نے اپنے ملک کو دہشتگردوں کی آماجگاہ بننے دینا ہے؟ دہشتگرد عناصر سانپ کی طرح ہوتے ہیں، جو سانپ پالے گا وہ اس پر بھروسہ نہیں کرسکتا، دہشتگردی خود افغانستان کے عوام کیلئے بھی خطرہ ہیں، خیبرپختونخوا کے عوام کے جان،مال ،عزت وآبرو کی حفاظت کیلئے جو ممکن ہوا وہ کریں گے اورکرتے رہیں گے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید سے متعلق صحافی کے سوال پرواضح کیا فیض حمید پر لگے الزامات سے متعلق انصاف کے تمام تقاضے پورے کیے جائیں گے، پاک فوج میں خود احتسابی کا عمل بہت مربوط اور اچھا ہے لیکن فوج میں خود احتسابی کا عمل محض الزامات پر کام نہیں کرتا، الزمات ثابت ہو جائیں پھر سزا دی جاتی ہے، جس کا ٹرائل ہو رہا ہے وہ سابق ڈی جی آئی ایس آئی ہیں اور یہ انتہائی اہم نوعیت کا معاملہ ہے جس کا ایک قانونی طریقہ کار ہے، سب کو اندازہ ہونا چاہیے معاملے میں انصاف کے تمام تقاضے پورے ہوں گے، فیلڈ جنرل کورٹ مارشل میں تاخیر کی پروا نہیں، انصاف کے تقاضے پورے ہوں گے اور افواج پاکستان میں دفاع کےلئے تمام حقوق حاصل ہوتے ہیں،آ پ ہمیں سیاست میں نہ لائیں، ہمارے لیے سیاستدان قابل احترام ہیں لیکن آپ کی سیاست ریاست سے اوپر نہیں ، فوج کو گھٹیا بیان بازی اور گمراہ کن پروپیگنڈے سے دور رکھیں۔