آئین میں ترمیم ہونے تک موجودہ آئین پر ہی انحصار کرنا ہو گا،آئینی بنچ


اسلام آبا د:(بیورورپورٹ)26ویں ترمیم کےخلاف درخواستوں میں وکیل حامد خان نے فل کورٹ کی تشکیل کے معاملے پر دلائل مکمل کرلیے۔

جسٹس علی مظہر کی سربراہی میں 8رکنی آئینی بنچ نے سماعت کی، حامد خان کے آرٹیکل 191کو بھول جانے کے جملے پر جسٹس علی مظہر نے ریمارکس دئیے آرٹیکل 191کو بھول جائیں تو آئینی بنچ ہی ختم پھر یہاں کیوں بیٹھے ہیں؟ اگر بھول جائیں تو پھر سپریم کورٹ کا وجود ہی نہیں رہتا۔

لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے وکیل حامد خان نے معاملے پر فل کورٹ بنچ تشکیل دینے کی استدعا کرتے ہوئے موقف اختیار کیا 26ویںترمیم سینٹ میں غیر معمولی طریقے سے لائی گئی ، ترمیم پارلیمنٹ میں رات کے وقت منظور کی گئی،21اکتوبر کو سپریم کورٹ میں چیف جسٹس سمیت 17ججز موجود تھے، 25اکتوبر کو چیف جسٹس ریٹائر ہوگئے، ججز کی تعداد 16رہ گئی، موجودہ آئینی بنچ کے 8ججز بھی 26ویںترمیم منظور ہونے کے وقت سپریم کورٹ میں موجود تھے،باقی 8ججز کو بھی آئینی بنچ کا حصہ ہونا چاہیے جو ترمیم کے پاس ہونے کے وقت سپریم کورٹ کا حصہ تھے۔

جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس دئیے آئین پر انحصار کرتے ہیں، وکلا بھی آئین پر انحصار کرتے ہیں، جب تک آئین میں ترمیم نہیں ہوتی موجودہ آئین پر ہی انحصار کرنا ہوگا،26ویںترمیم ٹھیک ہے یا غلط، فی الحال معطل نہیں کی گئی،جسٹس علی مظہر نے ریمارکس دئیے فی الحال مرکزی کیس کو نہیں سن رہے، فل کورٹ کی درخواست پر دلائل دیں،حامد خان نے موقف اپنایا 26ویںترمیم سے عدلیہ کے اختیارات پر پڑے اثرات سے آگاہ کرنا چاہتا ہوں، ترمیم کے بعد چیف جسٹس سے بنچز بنانے کا اختیار پہلی بار واپس لے لیا گیا، جوڈیشل کمیشن کی تشکیل پر بھی اثر پڑا،ججز کی جوڈیشل کمیشن میں اکثریت ختم ،عدلیہ کی آزادی متاثر ہوئی،جسٹس امین الدین خان نے استفسار کیا مسئلہ یہ ہے ابھی تک یہی فیصلہ نہیں ہوا کس بنچ نے کیس سننا ہے، کس اختیار سے فل کورٹ تشکیل دیں؟۔

جسٹس عائشہ ملک نے ریمارکس دئیے جوڈیشل آرڈر سے فل کورٹ کی تشکیل پر کوئی قدغن نہیں، 26ویںترمیم میں کہاں لکھا ہے جوڈیشل آرڈر نہیں ہوسکتا؟ عام مقدمات میں ایسا کیا جا رہا ہے تو اس کیس میں کیوں نہیں؟جسٹس علی مظہر نے استفسار کیا آپ آئین کے متن سے بتائیں فل کورٹ کا آرڈر کیسے کریں؟ کیا آرڈر آرٹیکل 187استعمال کر کے دیں؟حامد خان نے کہا جی بالکل! آرٹیکل 187کے تحت عدالت اختیار استعمال کر سکتی ہے،جسٹس جمال مندو خیل نے استفسار کیا فرض کریں آپ کی بات مانتے ہوئے تمام سپریم کورٹ ججز کو آئینی بنچ مان لیں تو مطمئن ہوں گے؟حامد خان نے کہا آئینی بنچ کا تصور آپ نے 26ویںترمیم سے دیا،جسٹس جمال مندو خیل نے کہا ہم نے نہیں دیا، پارلیمان نے دیا ہم پر نہ ڈالیں۔