اسلا م آباد ،راولپنڈی:(بیورورپورٹ) جی ایچ کیو حملہ کیس، عمران خان کاعدالت میں پیش ہونے سے انکار،توشہ خانہ2 مقدمے میں بریت درخواستوں پر جواب طلب کرلیا گیا۔
خصوصی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے اڈیالہ جیل میں 9مئی جی ایچ کیو حملہ کیس پرسماعت کی،بانی کے وکیل فیصل ملک ٹیم کےساتھ عدالت میں پیش ہوئے جبکہ سپیشل پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے بھی وہاں موجود تھے،سماعت سے قبل عدالت نے وکلا صفائی کو جیل ٹرائل بحال ہونے سے متعلق آگاہ کیا، عدالت کی جانب سے 3 مرتبہ عمران خان کو پیش ہونے کا پیغام بھیجا گیا،جیل عملے نے عدالت کو بتایا بانی پی ٹی آئی نے پیش ہونے سے انکار کردیا اور بتایا عمران خان کہہ رہے ہیں طبیعت ٹھیک نہیں،جی ایچ کیو حملہ کیس میں عمران خان کی حاضری لگنا تھی ،عدالت، پراسیکیوشن ٹیم اور بانی کے وکلا ایک گھنٹہ 40 منٹ تک انتظار کرتے رہے، جج نے دلائل سننے کے بعد سماعت بغیر کسی کارروائی کے 20 اکتوبر تک ملتوی کردی۔
مزید بر آں اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ 2 کیس میںسابق وزیر اعظم عمران خان ، بشریٰ کی بریت کی درخواستوں پر نوٹس جاری کرکے جواب طلب کرلیا،جسٹس انعام امین منہاس نے توشہ خانہ2 کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشری کی بریت کی درخواستوں پر سماعت کی، وکیل سلمان صفدر نے عدالت کو کیس کا حتمی فیصلہ سنانے سے روکنے کی استدعا کی، عدالت نے ریمارکس دئیے دیکھ لیں گے۔
ادھر عمران خان کو 190 ملین پاونڈ نیب کیس میں سزا سنانے والے جج کی تعیناتی اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دی گئی،شہری اسامہ ریاض نے وکیل ریاض حنیف راہی کے ذریعے جج ناصر جاوید رانا کی تعیناتی عدالت میں چیلنج کی، رجسٹرار آفس نے درخواست وصول کرکے ڈائری نمبر بھی لگا دیا۔
جی ایچ کیو حملہ کیس، عمران خان کاعدالت میں پیش ہونے سے انکار



















