راولپنڈی (بیورو رپورٹ) سکیورٹی ذرائع نے کہا ہے کہ ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک اپنے موجودہ عہدے پر خدمات جاری رکھیں گے،ذرائع کے مطابق ملک کی خفیہ ایجنسی انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے موجودہ سربراہ لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک کی مدت ملازمت میں توسیع کی گئی ہے، ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی کے عہدے پر برقرار رہیں گے تاہم یہ نہیں بتایا گیا توسیع کتنی مدت کے لیے ہے،لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر کے عہدے پر بھی فائز ہیں، 30ستمبر 2024 میں ڈی جی آئی ایس آئی کے عہدے پر فائز کیا گیا تھا، جنرل عاصم ملک کا شمار پاک فوج کے بہترین افسران میں ہوتا ہے، لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک نے 80 لانگ کورس سے پاکستان آرمی میں شمولیت اختیار کی تھی، کورس میں اعزازی شمشیر (سورڈ آف آنر) بھی حاصل کر چکے ہیں، تعلق پاکستان آرمی کی بلوچ رجمنٹ سے ہے،وہ اس سے پہلے بلوچستان میں انفینٹری ڈویژن اور وزیرستان میں انفینٹری بریگیڈ کمانڈ کر چکے، چیف انسٹرکٹر این ڈی یو اور انسٹرکٹر کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ بھی تعینات رہ چکے ہیں،لیفٹیننٹ جنرل عاصم اس سے پہلے ملٹری آپریشنز ڈائریکٹوریٹ میں بھی فرائض سر انجام دے چکے ہیں، وہ فورٹ لیون ورتھ اور رائل کالج آف ڈیفنس سٹڈیز کے گریجویٹ بھی ہیں، انہیں 6 اکتوبر 2021 میں لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی تھی،انہوں نے پاکستان کی نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی سے امریکہ پاکستان تعلقات پر پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی ہوئی ہے، انہوں نے پاکستان کے بلوچستان اور وزیرستان کے علاقوں میں فوج کی کمان بھی کی ہے جو عسکریت پسندوں کے حملوں میں حالیہ اضافے سے شدید متاثر ہوئے ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل عاصم موجودہ عہدے پر خدمات جاری رکھیں گے: سکیورٹی ذرائع



















