اسلام آباد ہائیکورٹ نے لاپتہ افراد کیسز میں ان کیمرا بریفنگ طلب کرلی


اسلام آباد:(بیورورپورٹ)اسلام آباد ہائیکورٹ نے لاپتہ افراد کیسز میں ان کیمرا بریفنگ طلب کرلی ،جسٹس محسن اختر کیانی نے عمر عبداللہ بازیابی کیس کی سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری کردیا۔

حکم نامے کے مطابق عدالت کو بتایا گیا درخواست گزار زینب زعیم کو معاوضے کی رقم براہ راست بینک اکاونٹ میں منتقل کی گئی،درخواست گزار آئندہ سماعت پر رقم وصولی کی تصدیق سے آگاہ کرے،ہائی کورٹ نے کیس کی مزید سماعت 6 اکتوبر کےلئے مقرر کر دی۔

دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ نے امریکی نژاد پاکستانی خاتون کے 4 ماہ سے لاپتہ کم عمر بچوں کی بازیابی کیس میں راولپنڈی پولیس کو بازیابی کےلئے 16 اکتوبر تک مہلت دے دی،جسٹس آصف نے ریمارکس دئیے پولیس کو پہلے بھی کافی وقت دیا جا چکا اب عدالت حکم جاری کرے گی،سماعت کے دوران بچوں کی والدہ آبدیدہ ہوگئیں اور عدالت کو بتایا4ماہ گزرنے کے باوجود بچوں سے ملاقات ہوئی نہ ہی بازیاب ہوئے،پولیس تعاون نہیں کر رہی، اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے یقین دہانی کرائی بچوں کی بازیابی کی کوششیں جاری ہیں،مزید سماعت 16 اکتوبر تک ملتوی کردی گئی۔