بھارت دہشتگردوں کا سرپرست،جارحیت کابھرپور جواب دیں گے:پاکستان


نیویارک: (بیورورپورٹ)پاکستان نے ایک بار پھر اقوام متحدہ میں دہشتگرد بھارت کامکروہ چہرہ بے نقاب کردیا۔

جنرل اسمبلی اجلاس کے دوران بھارتی مندوب کے بیان کے جواب میں پاکستانی سفارتکار صائمہ سلیم نے کہا پاکستان میں دہشتگردوں کا مالی و عسکری سرپرست بھارت ہرسال فورم پر اپنے پرانے جھوٹ کا بوجھ لےکر آتا ہے،منافقانہ چہرہ اب عیاں ہوچکا ،بھارت پورے خطے میں خفیہ نیٹ ورکس اور مقبوضہ کشمیر میں اپنے ظلم و جبر کو چھپا نہیں سکتا،بھارتی پراکسیز کالعدم ٹی ٹی پی، بی ایل اے ، مجید بریگیڈ کے ذریعے ہونےوالی دہشتگردی نے پاکستان میں ہزاروں معصوم شہریوں کی زندگیاں چھین لیں اور عبادت گاہوں، درس گاہوں اور روزگار کے مراکز کو خون کی ہولی کا میدان بنا دیا۔

صائمہ سلیم نے کہا پاکستان کی قربانیاں دہشتگردی کےخلاف عالمی جنگ میں طویل عرصے سے عالمی برادری تسلیم کرتی آئی ہے، فورم یقیناًجارح، قابض و ریاستی سرپرست دہشتگرد سے کوئی لیکچر سننے کا محتاج نہیں، پاکستان نے نہ صرف پہلگام واقعہ کی مذمت کی بلکہ آزاد، غیرجانبدار و شفاف تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا اگر بھارت کے پاس چھپانے کو کچھ نہ ہوتا تو تحقیقات سے انکار نہ کرتا۔

پاکستانی قونصلر نے کہا واقعہ کے بعد عالمی برادری کی جانب سے صبر، بات چیت و سفارتکاری کی اپیل کے باوجود بھارت نے صورتحال کو بگاڑا،بھارت کی لاپرواہ جوہری جنگجوئی ،اشتعال انگیزی نے سامراجی عزائم کو بے نقاب کردیا، مہم جوئی شکست سے دوچار ہوئی تو بہانے تراشے گئے مگر سچ چھپ نہ سکا، غرور کا بلبلا پھٹ گیا، فوجی طاقت کا افسانہ بکھر گیا اور بھارتی نقصانات کے ناقابل تردید شواہد عالمی برادری نے خود فراہم کیے،سندھ طاس معاہدے کو معطل رکھنا بھارت کے مکروہ کردار کو آشکار کرتا ہے، پانی کو ہتھیار بنا کربھارت نے واضح کیا وہ بین الاقوامی قانون کا کھلم کھلا خلاف ورزی کرنے والا ملک ہے۔

صائمہ سلیم نے کہا اقلیتوں پر ظلم بھارت میں آر ایس ایس ،بی جے پی حکومت کی سرکاری پالیسی بن چکا،انکار و تحریف بھارت کے پسندیدہ ہتھیار ہیں لیکن کوئی جعلسازی بنیادی حقیقت کو نہیں بدل سکتی، جموں و کشمیر بھارت کا حصہ کبھی نہیں نہ ہے،حتمی فیصلہ آزاد و غیرجانبدارانہ رائے شماری کے ذریعے ہونا ہے، بھارت کو ملکی خودمختاری ،علاقائی سالمیت پامال اور بےگناہ شہریوں کو قتل کرنے کا کوئی اختیار نہیں، جارحیت مسلط کی گئی تو جواب دیں گے،پاکستان بھارت کی منافقت کو بے نقاب کرتا رہے گا۔