پنجاب میں سیلاب متاثرین کو ریلیف پرسندھ کو تکلیف کیوں،عظمیٰ بخاری

لاہور: (اپنے رپورٹر سے) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے پنجاب میں ترقیاتی و فلاحی اقدامات پر تنقید کی بجائے سندھ حکومت اپنی کارکردگی پر توجہ دے،شرجیل میمن لاہور آئیں، دکھاتے ہیں پنجاب کی ترقی اور کام،پنک سکوٹیز منصوبے کو کاپی کر کے سندھ حکومت نے اچھا کیا، آپ کی اپیلوں سے اعتراض نہیں لیکن وفاق کو دئیے جانےوالے مشوروں میں حکمت بھی ہونی چاہیے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کسانوں کےلئے پنجاب حکومت نے تاریخی اقدامات کیے ، 2024 میں کسانوں کو 55 ارب،2025 میں 98 ارب کا ریلیف دیا گیا ،رواں مالی سال کےلئے زراعت کا بجٹ 129.8 ارب مختص کیا،کسان کارڈ کے ذریعے کسان بھائی اب تک 60 ارب سے زائد کی خریداری کرچکے،9,500 ٹریکٹرز کسانوں کو دئیے ،رواںسال بھی اتنی ہی تعداد میں ٹریکٹرز دئیے جائیں گے۔

وزیر اطلاعات نے کہا پنجاب ملک کا سب سے بڑا گندم پیدا کرنے والا صوبہ ،باقی صوبوں کی ضرورت بھی پوری کرتا ہے، سندھ اپنی آبادی کے مطابق گندم پیدا نہیں کرسکتا،پنجاب کے کسانوں ،گندم پر دکھ جتانے سے پہلے سندھ کو چاہیے اپنی گندم کی طلب پوری کرے،عظمیٰ بخاری نے کہاخوش آئند ہے آپ نے سیاست سے ہاتھ کھینچ لیا لیکن سندھ میں بھی سیلاب آیا، متاثرین کو کیا ریلیف دیا جا رہا ہے قوم کو بتایا جائے، مریم نواز پنجاب میں سیلاب متاثرین کو ریلیف فراہم کر رہی ہیں، سندھ حکومت کو تکلیف کیوں ہو رہی ہے؟۔

عظمیٰ بخاری نے کہا مریم نواز نے قوم کے سامنے پنجاب کا مقدمہ پوری طاقت سے لڑا ،پنجاب ،سیلاب متاثرین پر کسی کو سیاست کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، سیلاب متاثرین کیلئے عملی طور پر کچھ نہ کرنےوالے غیر ضروری زبان درازی بھی مت کریں،عوام نے مریم نواز کو مینڈیٹ دیا، مریم نواز پنجاب کا تحفظ بھی کرنا جانتی ہیں، سیاست کرنے کیلئے اور بہت ایشوز ہیں، سیلاب کے نام پر سیاسی دکانیں بند کریں۔

وزیر اطلاعات نے کہا مریم نواز ،ٹیم ہمیشہ اپنی کارکردگی عوام کو بتاتے ، مخالفین مریم نواز کے فلاحی کاموں پر پوائنٹ سکورنگ کرکے خبروں میں جگہ بناتے ہیں،اپنی کارکردگی بتانے کے لائق نہ ہونے والے دوسروں کے اچھے کاموں میں کیڑے تلاش کرتے ہیں، مریم نواز نے پنجاب میں میرٹ، گڈ گورننس اور شفافیت کی مثال قائم کردی۔