ایمانداری کا سرٹیفکیٹ پنجاب حکومت سے نہیں لینا،پیپلز پارٹی


کراچی:(بیورورپورٹ)وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے مریم نواز سیاسی طریقے سے بات کریں، ایمانداری کا سرٹیفکیٹ پنجاب حکومت سے نہیں لینا،بلاول نے بی آئی ایس پی والی بات وزیراعظم کو مخاطب کرکے کہی تھی، وفاق سے بات کرنے پر پنجاب کو اعتراض ہوتا ہے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہاسندھ حکومت کسانوں کو مدد فراہم کررہی ہے ،پیپلز پارٹی نے ہمیشہ کسانوں کو سپورٹ کیا، بلاول کی انقلابی پالیسی سے کسان خوشحال ہوگا،25 ایکڑ تک کے کاشتکاروں کو کھاد ، بیج دیا جارہا ہے، 25 ایکڑ سے کم زمین والے کسان کو ہر ایکڑ کے عوض کھاد دی جائے گی، 4 لاکھ 4 ہزار 408 کسانوں کو پیکیج ملے گا، 22 لاکھ ایکڑ زمین آباد ہوگی، کسی کمپنی نے کھاد بلیک کی تو بلیک لسٹ کردیا جائے گا۔

صوبائی وزیر نے کہاصدر زرداری نے گندم کےلئے مربوط پالیسی بنائی، وفاقی حکومت کو سبسڈی کےلئے آئی ایم ایف سے بات کرنی چاہیے کیونکہ آئی ایم ایف شرائط کے سبب گندم کی امدادی قیمت بند کی گئی ،بلاول بھٹو کی باتیں پنجاب کو عجیب لگتی ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا خوددار آدمی امداد کی اپیل کیسے کرسکتا ہے،کیا اپیل کرنے والا خود دار نہیں؟،پیپلز پارٹی سیلاب پر سیاست نہیں کررہی، جب بھی بلاول وزیراعظم کی تعریف کرتے ہیں پنجاب حکومت کو تکلیف ہوتی ہے،مریم نواز میری بہنوں جیسی ہیں مگر جب بات کریں تو سیاسی طریقے سے کریں، خود داری یا ایمان داری کا سرٹیفکیٹ پنجاب حکومت سے نہیں لینا، پیپلز پارٹی نے سیلاب متاثرین کی خدمت کرتے ہوئے ٹک ٹاک نہیں بنوائے۔

ادھر پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری نے کہا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بیانات تنگ نظر ، تفرقہ پیدا کرنے والے ہیں،پاکستان کھوکھلے بیانیے کا متحمل نہیں ہو سکتا، مریم نواز کو خدمت پر توجہ دینی چاہیے نہ تفرقہ انگیز باتوں پر،بلاول بھٹو ہمیشہ سیلاب متاثرین کی مدد پر فوکس کرتے ہیں،بے گھر سیلاب متاثرین کےلئے ریلیف مانگنا کب سے جرم بن گیا؟۔

شازیہ مری نے کہا بلاول بھٹو نے وفاقی حکومت سے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے مدد مانگی، بجلی بلوں میں ریلیف اور زرعی ایمرجنسی کے نفاذ کا مطالبہ کیا،شکر گزار ہیں وزیراعظم شہباز شریف نے دونوں مطالبات تسلیم کیے، وزیر اعظم شہباز شریف کو فوری طور پر بی آئی ایس پی کے ذریعے کیش امداد کا اعلان کرنا چاہیے، جیسا 2022 میں کیا تھا،وفاق فوری ریلیف کےلئے کامیاب سماجی تحفظ کے نظام کو کیوں استعمال نہیں کر رہا؟۔