خطے میں مستقل امن کیلئے مذاکرات ،جرگوں کا راستہ اپنانا ہوگا، گنڈا پور
پشاور،اسلام آباد:(بیورورپورٹ) وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور نے کہا ہے خطے میں مستقل امن کےلئے مذاکرات، جرگوں کا راستہ اپنانا ہوگا۔
پاکستان میں تعینات برٹش ہائی کمشنر جین میریٹ نے علی امین گنڈا پور سے ملاقات کی، باہمی دلچسپی کے امور ،خطے میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، دوران ملاقات برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے سیڈ و ایس این جی پروگرامز کے بعد صوبے میں نیا پروگرام شروع کرنے کا بھی عندیہ دیا۔
علی امین گنڈاپور نے کہا مستقل امن کےلئے مذاکرات ،جرگوں کا راستہ اپنانے کی ضرورت ہے، صوبے کو امن و امان کے مسائل کا سامنا ہے، جب تک افغانستان میں حالات ٹھیک نہیں ہوں گے خطے میں پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں،مہاجرین کی باعزت واپسی چاہتے ہیں، صوبائی حکومت وطن واپس جانے والے مہاجرین کو ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے،صوبائی حکومت برطانوی حکومت کے ذیلی اداروں خصوصا سیڈ اور ایس این جی پروگرام کی معاونت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، پروگرامز نے صوبائی محکموں کی استعداد بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔
دریں اثناشراب واسلحہ برآمدگی کیس میں علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے گئے،سینئر سول جج مبشر حسن چشتی نے کیس پر سماعت کی،عدم پیشی پر عدالت نے وزیراعلیٰ کے پی کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے اورسماعت 27 ستمبر تک ملتوی کر دی۔



















