لاہور ( شوکت مروت)لاہور کا بند روڈ، خصوصاً نیازی اڈے کے مقام پر، ایک عرصے سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔ یہ وہ علاقہ ہے جہاں روزانہ ہزاروں مسافر آمد و رفت کرتے ہیں، لیکن افسوس کہ سڑک کی حالت انتہائی ابتر ہے۔ گڑھوں، کچرے اور کھدائی کے باعث یہاں سے گزرنا شہریوں کیلئے کسی عذاب سے کم نہیں۔نیازی اڈہ لاہور کا سب سے معروف اور مصروف ٹرانسپورٹ مرکز ہے جہاں سے روزانہ سینکڑوں بسیں اور ویگنیں ملک بھر کے مختلف شہروں کو جاتی ہیں۔ یہاں سے سفر کرنے والے ہزاروں مسافر دن رات مٹی اور دھول کے بادلوں میں گھر کر اذیت برداشت کرنے پر مجبور ہیں۔ گاڑیوں کی تیز رفتاری اور سڑک کی تباہ حالی نے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے۔ علاقے کے مکینوں اور مسافروں کا کہنا ہے کہ کچھ عرصہ قبل سرکاری محکموں نے یہاں کھدائی کی۔ واسا اور میونسپل کارپوریشن کے عملے نے اپنے کام تو مکمل کرلئے لیکن سڑک کو دوبارہ تعمیر کرنے کی زحمت گوارا نہ کی۔ نتیجہ یہ نکلا کہ پہلے سے تباہ حال سڑک مزید کھنڈر کا منظر پیش کرنے لگی۔ کھدائی کے بعد ملبہ اور مٹی وہیں چھوڑ دی گئی جو بارش کے پانی میں کیچڑ اور گاڑیوں کے شور میں گرد و غبار کا طوفان بن جاتی ہے۔ علاقے کے عوام کا کہنا ہے کہ یہ حلقہ ہمیشہ سے پاکستان تحریک انصاف کا رہا ہے۔ حماد اظہر یہاں سے منتخب ہو کر ساڑھے تین سال وفاقی وزیر بھی رہے لیکن ان کی کارکردگی صرف بابو صابو چوک تک محدود رہی۔ نیازی اڈے اور بند روڈ پر ترقیاتی منصوبے ان کے دور میں بھی خواب ہی رہے اور آج بھی وہی صورتحال برقرار ہے۔ موجودہ حکومت کی سربراہ مریم نواز ایک طرف اربوں روپے خرچ کر کے لاہور کو صاف اور خوبصورت بنانے کے منصوبے شروع کر رہی ہیں، لیکن دوسری طرف ایل ڈی اے، میونسپل کارپوریشن اور واسا کی نااہلی نے ان کے ”صاف اور شفاف لاہور“کے خواب کو خاک میں ملا دیا ہے۔ یہ ادارے ایک دوسرے پر ذمہ داری ڈال کر اپنی جان چھڑا لیتے ہیں جبکہ شہری دن رات گرد، دھول، گڑھوں اور ٹریفک کے عذاب میں مبتلا رہتے ہیں۔ نیازی اڈے کے گرد و نواح میں قائم دکان دار بھی شدید متاثر ہیں۔ روزانہ اٹھنے والی دھول نے ان کا کاروبار متاثر کردیا ہے۔ گاہک سڑک کی حالت دیکھ کر اس طرف آنے سے کتراتے ہیں۔ گاڑیاں خراب ہورہی ہیں، مسافروں کا وقت ضائع ہورہا ہے اور عوامی پریشانی کو دیکھنے والا کوئی نہیں۔ یہ صورتحال صرف سڑک کی تباہ حالی تک محدود نہیں بلکہ انتظامی اداروں کی مکمل ناکامی کی عکاسی ہے۔ لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی، میونسپل کارپوریشن اور واسا کے اعلیٰ افسران اپنی غفلت کو چھپانے کیلئے ایک دوسرے پر انگلی اٹھاتے ہیں۔ لیکن حقیقت یہ ہے کہ عوام کو سہولت دینے کے بجائے ان اداروں نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا رکھی ہے۔ علاقے کے مکین اور مسافر حکومتِ پنجاب سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر نیازی اڈے اور بند روڈ کی سڑکوں کی بحالی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔ ورنہ یہ صورتحال مزید بگڑتی جائے گی اور لاہور کے سب سے بڑے ٹرانسپورٹ مرکز پر روزانہ ہزاروں مسافروں کی مشکلات بڑھتی رہیں گی۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر ایل ڈی اے، واسا اور میونسپل کارپوریشن اپنے فرائض دیانت داری سے انجام دیں تو یہ مسئلہ چند دنوں میں حل ہوسکتا ہے لیکن بدقسمتی سے یہ ادارے اپنی روایتی سستی اور نااہلی کے باعث کسی عملی اقدام پر تیار نہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ ان اداروں کی کارکردگی کا سختی سے محاسبہ کرے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے اور لاہور کو واقعی ایک صاف ستھرا اور ترقی یافتہ شہر بنایا جا سکے۔
نیازی اڈہ بند روڈٹوٹ پھوٹ کا شکار، حکومت اور اداروں کی مجرمانہ غفلت سے شہری اذیت میں مبتلا



















