مشترکہ ٹیمیں سیلاب زدہ علاقوں میں نقصان کا مکمل سروے کریں: کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بےورو رپورٹ) ساہیوال ڈویژن میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں نقصانات کا سروے کل سے شروع ہورہا ہے جس کیلئے محکمہ ریونیو، زراعت، لائیو سٹاک اور اربن یونٹ کی مشترکہ ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ سروے کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل کی زیر صدارت کمشنر آفس میں اہم اجلاس منعقدہوا۔ اجلاس میں تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز شاہد محمود، احمد عثمان جاوید، آصف رضا، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی،ایڈیشنل کمشنر ریونیو خالد، اے ڈی سی آر کیپٹن (ر) اسامہ مجید اور اے سی ریونیو غلام حسین بھٹی نے شرکت کی۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے سروے کے حوالے سے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مشترکہ ٹیمیں سیلاب زدہ علاقوں میں فصلوں اور گھروں کو پہنچنے والے نقصان کا مکمل سروے کریں۔ اجلاس کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا ساہیوال ڈویژن میں 16 ہزار ایکٹر رقبے پر فصلیں متاثر ہوئیں۔ اسی طرح ضلع ساہیوال میں 93، ضلع اوکاڑہ میں 147 اور ضلع پاک پتن میں 82 مواضعات متاثر ہوئے۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے بتایا کہ خوش قسمتی سے ڈویژن میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ریونیو، زراعت، لائیو سٹاک اور اربن یونٹ کی ٹیمیں مقررہ وقت میں سروے مکمل کریں اور شکایات سننے کیلئے کمیٹی کی سربراہی ڈپٹی کمشنر خود کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ گھروں کے نقصانات کا اندازہ لگانے میں مکمل غیر جانبداری اختیار کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سیلاب سے پہنچنے والے ہر نقصان کا ازالہ کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز روزانہ کی بنیاد پر کمیٹیوں کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیں۔دوسری طرف وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا ساہیوال کے عوام سے کیا گیا ایک اور وعدہ پورا۔ ساہیوال انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی نے باقاعدہ طبی سہولیات کی فراہمی شروع کر دی۔ ہسپتال میں دل کے 30 سالہ مریض محمد ظفر کی پہلی اینجیوگرافی کی گئی۔ ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر عاطف عمران اور اسسٹنٹ پروفیسرز ڈاکٹر محمد سلیم اور ڈاکٹرنجم الثاقب پر مشتمل ٹیم نے اینجیوگرافی کی۔ اینجیوگرافی کے موقع پر کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل، ڈپٹی کمشنر شاہد محمود، پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر محمد اختر، ایگزیکٹوڈائریکٹر ایس آئی سی ڈاکٹر عمران وحید،ایم ایس ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر یداللہ، ایم ایس ساہیوال انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی ڈاکٹر الیاس انجم بھی موجود تھے۔ انہوں نے کنٹرول روم میں اینجیوگرافی کا پروسیس دیکھا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ انسٹیٹیوٹ کے قیام سے ساہیوال ڈویژن کے دل کے سینکڑوں مریضوں کو جدید طبی سہولیات میسر آئیں گی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے انسٹیٹیوٹ کی تکمیل میں ذاتی دلچسپی لی۔ پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر محمد اختر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ہسپتال میں ڈیڑھ ارب روپے سے زائد کی جدید مشینری نصب کی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ اینجیوگرافی کے لئے دو کیتھ لیب اور آپریشنز کے لئے دو آپریشن تھیٹرز کی سہولت موجود ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اگلے ہفتے سے ہسپتال میں دل کے مریضوں کے آپریشنز کا آغاز بھی ہو جائے گا۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے یقین دلایا کہ ہسپتال کے لئے طبی عملے کی کمی کو ترجیح بنیادوں پر پورا کیا جائے گا۔