اسلام آباد،لندن: (بیورورپورٹ،مشرق نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کےساتھ دیرپا شراکت داری مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے پاکستان ،سعودی عرب کے تعلقات ہمیشہ قائم و دائم رہیں گے۔
سعودی عرب کے قومی دن پر اپنے پیغام میںشہبازشریف نے کہاعوام ،حکومت کی جانب سے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبد العزیز آل سعود اور اپنے عزیز سعودی بھائیوں ،بہنوں کو نہایت گرم جوشی کےساتھ مبارکباد پیش کرتے ہیں،میرا دورہ بے مثال محبت ، یادگار لمحات سے بھرپور رہا،بھرپور مہمان نوازی افتخار کا باعث ہے،بھائیوں ،بہنوں کےساتھ ملکر سعودی عرب کے عظیم الشان ترقیاتی سفر پر فخر کرتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہاسعودی عرب کا عالمی برادری میں بلند مقام پر فائز ہونابصیرت ،دانشمندی کی روشن مثال ہے،مئی 2025 میں بھارت کےساتھ کشیدگی کے دوران سعودی قیادت،عوام کی طرف سے اظہار یکجہتی کو پاکستانی قوم ہمیشہ یاد رکھے گی، عوام سعودی عرب کے معاشی تعاون کو بھی فراموش نہیں کر سکتے،لاکھوں پاکستانی سعودی عرب کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں اور تعمیر و ترقی میں سرگرم عمل ہیں۔
دریں اثناوزیراعظم شہباز شریف نے تمام اہم شعبوں میں سرمایہ کاری ،تجارت کو فروغ دینے کےلئے قابل عمل منصوبوں پر کام کرنے کی ہدایت کردی،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہااقتصادی سرگرمیوں کے روڈ میپ میں نجی شعبے کا کلیدی کردار ،شمولیت کو یقینی بنایا جائے گا،زراعت، آئی ٹی، معدنیات، سیاحت و قابل تجدید توانائی اہم شعبے ہیں، بیرون ممالک سے سرمایہ کاری آ سکتی ہے،معاشی و اقتصادی اصلاحات کی پالیسی نے معیشت کو نئی سمت دی ، جدت و شفافیت کی بدولت ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔
وزیراعظم نے کہا سرمایہ کاری کےساتھ تجارت کو بھی فروغ دینا پالیسی کا حصہ ہے تاکہ درآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہو سکے،سرمایہ کاری و تجارت کو فروغ دینے کےلئے قابل عمل منصوبوں کو عملی شکل دینے کےلئے فوری اقدامات کیے جائیں،مستقبل کو مد نظر رکھتے ہوئے روڈ میپ ،تبدیلی کا ایجنڈا بنایا جائے تاکہ اپنے اہداف کے حصول کےلئے منظم انداز میں آگے بڑھا جاسکے،وزارتوں کو ٹارگٹ دیتے ہوئے تمام زیر تکمیل منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کےلئے تمام تر وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کردی۔
سعودی عرب کےساتھ دیرپا شراکت داری مزید مستحکم بنائیں گے،وزیراعظم



















