کے پی میں آپریشنز،45فتنہ الخوارج ہلاک،19جوان وطن پر قربان

راولپنڈی :(بیورورپورٹ)کے پی میں آپریشنز،بھارتی حمایت یافتہ 45فتنہ الخوارج ہلاک،19جوان وطن پر قربان ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق باجوڑ میں خفیہ اطلاعات پر سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، شدید فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی سرپرستی کے حامل 22 خوارج مار ے گئے،جنوبی وزیرستان میں مزید13 خوارج کو ہلاک کیا،فائرنگ کے تبادلے میں 12 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا،شہدا نے بہادری سے لڑتے ہوئے مادر وطن پر جانیں نچھاور کیں، ہلاک خوارج کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارودبھی برآمد کرلیا۔

علاوہ ازیںسکیورٹی فورسز نے لوئر دیر کے علاقے لال قلعہ میں فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کی اطلاع پر آپریشن کیا،شدید فائرنگ کے تبادلے میں 10 خوارج جہنم واصل ،7 بہادر سپوت وطن پر قربان ہو گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہدا میں نائیک عبدالجلیل، نائیک گل جان ،لانس نائیک عظمت ،سپاہی عبدالمالک، امجد، داود اور فضل قیوم شامل ہیں،جوانوں نے خوارج کے ہاتھوں یرغمال شہریوں کو چھڑانے کی کوشش میں جان کا نذرانہ دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات نے کہاانٹیلی جنس رپورٹس میں گھناونے عمل میں افغان شہریوں کے ملوث ہونے کی تصدیق ہوئی ، فتنہ الخوارج کا پاکستان کےخلاف افغان سرزمین کا استعمال بدستور شدید تشویش کا باعث ہے، پاکستان توقع کرتا ہے عبوری حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی۔

آئی ایس پی آر نے توقع ظاہر کی افغانستان اپنی سرزمین پاکستان مخالف دہشتگرد سرگرمیوں کےلئے استعمال نہیں ہونے دےگا،سکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کےلئے پرعزم ہیں،بہادر جوانوں کی قربانیاں عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔