بھارت کیخلاف شاندار فتح کی یاد میں اسلام آباد میں ”معرکہ حق “یادگار کی تعمیر کا آغاز

اسلام آباد (مشرق نیوز) بھارتی جارحیت کیخلاف شاندار فتح کی یاد میں اسلام آباد کے سیکٹر ایچ 8 میں قومی یادگار ”معرکہ حق“ کی تعمیر کا آغاز کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق یادگار زیر استعمال پارک میں تعمیر کی جا رہی ہے، جسے ایک جدید اور پرکشش عوامی مقام میں تبدیل کیا جائے گا، یادگار کا تھیم قرآن پاک کی آیت بنیان المرصوص سے لیا گیا ہے، آیت کا مفہوم ”سیسہ پلائی ہوئی دیوار“ ہے۔

یہ تھیم قوم کے اجتماعی غیر متزلزل عزم اور اتحاد کی علامت ہے، جو ہر طرح کے خطرات کے مقابل متحد رہنے کے جذبے کو اجاگر کرتی ہے، یادگار کے ڈیزائن اور تعمیر کیلئے فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کو ذمہ داری سونپی گئی ہے، کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے یادگار کیلئے مختص کردہ جگہ ایف ڈبلیو او کو تعمیر کیلئے دیدی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت اور حکومتی مالی معاونت سے منصوبے پر کام شروع کر دیا گیا ہے، وزیراعظم نے 13/ 14 اگست کی درمیانی شب ڈیزائن کی نقاب کشائی کی جس کے بعد منصوبے پر عملدرآمد تیزی سے جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق یادگار کی تعمیر میں عالمی معیار کے میٹریل اور اعلیٰ بین الاقوامی تعمیراتی معیارات کو مدنظر رکھا جا رہا ہے، یادگار کا مقصد قومی اتحاد و یکجہتی کو خراج تحسین پیش کرنا اور عوامی شعور، فخر اور عکاسی کا مرکز بنانا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ”معرکہ حق“ یادگار ملک کے فخر اور اجتماعی قربانیوں کی نمائندہ ہوگی، یادگار معرکہ حق اسلام آباد کے منظر نامے میں باوقار قومی اضافہ اور قوم کے اتحاد کا مظہر بنے گی۔