بھارت کی آبی دہشت گردی، 8لاکھ کیوسک کا ایک اور بڑا سیلابی ریلا چھوڑ دیا،مختلف اضلاع میں ہائی الرٹ
لاہور، اسلام آباد، کراچی، قصور، ملتان، نارووال، فیصل آباد، وہاڑی، سیالکوٹ، بہاولپور (خبر نگار+ بیورو رپورٹ) بھارتی آبی جارحیت جاری ہے، بھارت نے ایک اور بڑا سیلابی ریلا چھوڑ دیا جس کے بعد پنجاب کے مختلف اضلاع میں ہائی الرٹ جاری کردیا گیا،دریائے چناب سے ملحقہ علاقوں کو مزید خطرہ بڑھ گیا ، 8لاکھ کیوسک پانی کا بڑا سیلابی ریلا سلال ڈیم سے چھوڑا گیا، بھارت سے آنے والا سیلابی ریلا 2 روز بعد ہیڈ مرالہ پہنچ جائے گا،انتظامیہ کی جانب سے گوجرانوالہ، سیالکوٹ،وزیرآباد ،سمبڑیال ،گجرات ،ہیڈ مرالہ ،خانکی سے ملحقہ علاقوں میں شہریوں کے انخلا ءکےلئے اعلانات کیے جا رہے ہیں اور ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کیلئے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں،راوی، چناب اور ستلج میں اونچے درجے کا سیلاب برقرار ہے جس سے سینکڑوں دیہات تاحال سیلابی پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں، پاک فوج سمیت وفاقی و صوبائی اداروں کی امدادی کارروائیاں جاری ہیں ،پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش نے سیلاب میں ڈوبے متاثرین کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا،نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے سیلاب سے متاثرہ پنجاب کے6اضلاع میں ریلیف راشن کی فراہمی کا منصوبہ تیار کر لیا، عرفان علی کاٹھیا نے کہا مون سون کے 9ویں سپیل نے بہت تباہی مچائی، سیلاب کیساتھ اربن فلڈنگ سے بھی نمٹنا پڑ رہا ہے، بھارت کی جانب سے سلال ڈیم کے تمام سپل ویز کھولے جانے کی اطلاعات ہیں، بھارت نے باضابطہ طور پر دریائے چناب میں پانی چھوڑے جانے کی وارننگ نہیں دی،پی ڈی ایم اے پنجاب نے متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی دی ہیں، آئندہ 2 روز میں بڑا سیلابی ریلا ہیڈ مرالہ کے مقام تک پہنچ سکتا ہے،ریلے سے دریائے چناب میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بڑھنے کا خدشہ ہے،2 ستمبر کو پہنچنے والا 8 لاکھ کیوسک کا ریلا پہلے سے موجود پانی کےساتھ مل کر مزید مشکلات کا باعث بن سکتا ہے،علاوہ ازیں راوی، چناب اور ستلج میں اونچے درجے کا سیلاب برقرار ہے جس سے پانی جھنگ، ملتان، چیچہ وطنی اور وہاڑی میں تباہی مچانے لگا ،فیصل آباد کے قریب دریائے راوی میں بھی پانی کی سطح بلند ہونے سے انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے جس سے دریا کے اطراف سیکڑوں ایکڑ اراضی اور فصلیں متاثر ہوئی ہیں، ماڑی پتن کے علاقے سے 2 لاکھ 15 ہزار کیوسک کا ریلا گزررہا ہے، 1500سے زائد افراد کو ریلیف کیمپوں میں منتقل کیا گیا ہے،دریائے راوی میں ساہیوال کے مقام پر سیلاب سے کئی مکانات چھتوں تک پانی میں ڈوب گئے، کئی گھر مکمل بہہ گئے، شہریوں نے محفوظ مقامات کی طرف نقل مکانی شروع کر دی، پانی گھروں کے اوپر سے گزرتا رہا،چنیوٹ، وزیرآباد،گجرات، ننکانہ صاحب اور نارووال میں بارشوں کے بعد نشیبی علاقوں کی خراب صورت حال مزید خراب ہوگئی ہے ،بارش کے بعد جہلم میں ندی نالے بپھر گئے،کئی مقامات پر پانی آبادی میں آگیا، مدرسے کی چھت پر پھنسے بچوں کو کشتی کے ذریعے ریسکیو کیا گیا، پاکپتن ، اوکاڑہ ، وہاڑی ، ملتان میں بھی کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی،دریائے چناب کا سیلابی پانی سیالکوٹ، وزیرآباد اور چنیوٹ میں تباہی مچانے کے بعد جھنگ میں داخل ہوا جس کے باعث جھنگ میں 180دیہات ڈوب گئے، سیکڑوں ایکڑ پر فصلیں تباہ ہوگئیں، رابطہ سڑکیں پانی میں غائب ہو گئیں،سیلاب میں پھنسے ہوئے لوگوں کو کشتیوں سے محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، ملتان میں سیلاب سے تحصیل شجاع آباد کی فصلوں میں پانی داخل ہوگیا جس کے باعث 140 دیہات پانی سے متاثر ہوئے،کمشنر ملتان کے مطابق ہیڈ تریموں سے 7لاکھ کیوسک جبکہ راوی سے 90 ہزار کیوسک پانی ملتان میں داخل ہوگا، ضرورت پڑنے پر ہیڈ محمد والا پر شگاف ڈالا جائے گا، ہیڈ محمد والا کی گنجائش 10لاکھ کیوسک ہے،دریائے ستلج میں ہیڈ گنڈا سنگھ والا کے مقام پر کئی دیہات تاحال زیرآب ہیں، ہیڈ گنڈا سنگھ والا سے تاریخی ریلا گزرنے سے ہزاروں ایکڑ پر فصلیں زیر آب آ کر تباہ ہو چکی ہیں، لائیو سٹاک کا بھی بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہ،راوی میں بلوکی ہیڈ ورکس پر پانی کے بہا ﺅمیں اضافہ ہونے پر تمام سپل ویز کھول دئیے گئے جس کے بعد ہیڈ بلوکی پر پانی کے بہا ﺅمیں کمی آنا شروع ہوگئی، بہا ﺅ2 لاکھ 11 ہزار 395 کیوسک ہو گیا تاہم اب بھی انتہائی اونچے درجے کا سیلاب برقرار ہے،سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بجلی کی بحالی پر پاور ڈویژن نے 31 اگست تک کی رپورٹ جاری کردی،رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر 46 گرڈ اور 417 متاثرہ فیڈرز میں سے 159 کو مکمل اور 248 کو عارضی طور پر بحال کر دیا گیا ہے،ادھروزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا سندھ میں سپر فلڈ سے نمٹنے کےلئے تیاری مکمل کرلی، امید ہے پانی 9 لاکھ کیوسک سے زیادہ نہیں ہوگا، سندھ میں سپر فلڈ کے دوران 9 میں سے 6 خطرناک مقامات کی نشاندہی کرلی، دریائے سندھ میں 8 یا 9 لاکھ کیوسک پانی آیا تو کچے کا پورا علاقہ ڈوب جائے گا، صوبائی انتظامیہ نے کچے کو خالی کرانے کی تیاری کر لی ،وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے گڈو بیراج کا دورہ کیا ، صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا مراد علی شاہ نے کہا پنجاب میں چاروں دریاوں میں پانی ایک ساتھ آیا، جہلم، چناب، ستلج اور راوی میں ایک ساتھ پانی آیا، بھارت نے بڑی مقدار میں پانی چھوڑا ہے، سلیمانکی کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ، تریموں، بلوکی کے مقام پر پانی کا بہاو¿ تیز ہورہا ہے،وزیراعلیٰ سندھ نے کہا نیوی کا شکر گزار ہوں انہوں نے ایمرجنسی ریسپانس ٹیم مہیا کی، ہم پاک آرمی سے بھی رابطے میں ہیں، لوگوں سے درخواست ہے انتظامیہ سے تعاون کریں تاکہ نقصان زیادہ نہ ہو، جہاں خامیاں ہوں، وہاں کی نشاندہی ضرورکریں، درخواست ہے کسی بھی قسم کی پینک کریئیٹ نہ کریں،ہم نے یقینی بنانا ہے بند کسی مقام سے بریچ نہ ہو، کوشش ہے انسانی جانوں، مویشیوں کا کوئی نقصان نہ ہو، لوگوں کی جانیں، مال مویشی بچانا، بند کی حفاظت ترجیح ہے، گڈو اور سکھر بیراج کے درمیان 6 مقامات پر خطرہ موجود ہے۔



















