پاکستان, بنگلہ دیش میں دوطرفہ تعلقات، اقتصادی و تجارتی تعاون پر اتفاق

ڈھاکہ (مشرق نیوز) پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے بنگلہ دیش کے مشیر خارجہ امور محمد توحید حسین اور مشیر تجارت بشیر الدین سے ڈھاکہ میں اہم ملاقاتیں کی ہیں جن میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔ دفتر خارجہ کے مطابق ڈھاکہ میں دونوں ممالک کے وفود کے درمیان اعلیٰ سطح پر مذاکرات ہوئے جن میں دوطرفہ تعلقات، اقتصادی و تجارتی تعاون اور علاقائی مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر اعلیٰ سطح پر روابط، عوامی سطح پر روابط، ثقافتی تبادلے، تعلیم و استعداد کار میں اضافے کے منصوبے اور انسانی بنیادوں پر تعاون بھی زیرِ بحث آئے، علاقائی اور بین الاقوامی معاملات پر غور کیا گیا، سارک کی بحالی، مسئلہ فلسطین اور روہنگیا بحران کے حل پر زور دیا گیا۔وزارت خارجہ کے مطابق خوشگوار ماحول میں ہونے والی ملاقات میں فریقین نے دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔