مودی حکومت کا جنگی جنون خطے کے امن کےلئے سنگین خطرہ

نئی دہلی (مشرق نیوز) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت نے” سدرشن چکر “کے نام سے ایک نئے فضائی دفاعی نظام کا اعلان کیا ہے جسے خطے میں امن کیلئے سنگین خطرہ قرار دیا جا رہا ہے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق ایک رپورٹ میں کہاگیا ہے یہ نظام حملوں کو ناکام بنانے اور فوجی صلاحیت بڑھانے کیلئے تیار کیا جائے گا۔ مودی حکومت کی یہ کوشش درحقیقت اپنی فوجی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے اور ہندو انتہاپسندی کو ہوا دینے کی ایک اور سازش ہے۔ وزیراعظم مودی نے کرشن کے مذہبی استعارے کو فوجی منصوبے سے جوڑ کر فوج کو ہندوتوا سیاست کا ہتھیار بنا دیا ہے۔ ان کا دعویٰ ہے کہ یہ مشن خودمختاری، تیز، درست اور موثر دفاعی ردعمل کی ضمانت ہوگا۔ حقیقت یہ ہے کہ بھارتی فضائیہ پہلے ہی” کویری انجن“ جیسی ناکامیوں کا سامنا کرچکی ہے جس پر 1989سے اب تک اربوں روپے ضائع ہوچکے ہیں۔ مودی حکومت کے نعروں اور حقیقت میں زمین و آسمان کا فرق ہے۔ مودی حکومت کی ناقص پالیسیوں نے نہ صرف بھارتی عوام کو بنیادی سہولتوں سے محروم کردیا ہے بلکہ خطے کو ایک نئے تصادم کے دہانے پر بھی کھڑا کردیا ہے۔ بھارت میں غربت، بھوک اور بے روزگاری کے باوجود مودی حکومت اسلحہ کی دوڑ میں مصروف ہے، جبکہ آپریشن سندور جیسی ناکامیوں نے بھارتی فوج کی رسوائی کو عیاں کر دیا ہے۔