کسی مجرم کی سزا احتجاج سے ختم نہیں ہوسکتی،اعظم نذیر تارڑ


اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہاہے پی ٹی آئی والے اپنا بویا کاٹ رہے ہیں،کسی مجرم کی سزا احتجاج سے ختم نہیں ہوسکتی،9 مئی کے ذمہ داروں کو قانون کا سامنا کرنا ہوگا۔

سینٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے کہا 9 مئی کو ملک بھر میں سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا گیا، سازش کے ذمہ داروں کو اپنے آپ کو قانون کے حوالے کرنا ہوگا،جلاو گھیراو، حساس مقامات نذر آتش اور توڑ پھوڑ کرنے کی فوٹیجز سب نے دیکھیں، پی ٹی آئی اعلیٰ قیادت کی تصویریں ،ویڈیوز بھی سامنے آئیں، جناح ہاوس سمیت دیگر املاک کو نقصان پہنچانے کے مناظر سب نے ٹی وی سکرینز پر دیکھے،ملک میں قانون بھی موجود ہے اگر کوئی جرم کرے گا تو پھر سامنا کرنا ہوگا۔

وزیر قانون نے کہاسابق وزیراعظم نواز شریف اپنی بیمار اہلیہ کو بستر مرگ پر چھوڑ کر پاکستان آئے اور اپنے آپ کو قانون کے حوالے کیا،قومی اسمبلی میں ن لیگی اپوزیشن لیڈر شہباز شریف 2 بار جیل گئے، پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کو 2 سال تک جیل کی سلاخوں کے پیچھے رکھا گیا،پی ٹی آئی کےساتھ اظہار ہمدردی تو کر سکتے ہیں لیکن قانونی طور پر ریلیف عدالتوں سے ہی ملنا ہے، معاملات ایوان کے دائرہ اختیار میں نہیں۔