کوالالمپور: (مشرق نیوز) نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے عسکری سطح پر جنگ بندی برقرار ہے مگر بھارتی سیاسی قیادت سے ہضم نہیں ہورہا، سندھ طاس معاہدہ معطل کرنا عجیب حرکت،بھارت پاکستان کا پانی روک سکتا نہ ہی دریاﺅں کا قدرتی بہاو موڑنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
کوالالمپور میں پاکستانی کمیونٹی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہاجنگ بندی بھارتی درخواست پر کی گئی ، بھارت سے ملٹری ٹو ملٹری سیز فائر ٹھیک چل رہا ہے مگر سیاسی قیادت سے جنگ بندی ہضم نہیں ہو رہی، شاید ملک میں دباو¿ بہت زیادہ ہے، کبھی کہتے ہیں عارضی سیز فائر کبھی کہتے ہیں ٹریلر تھا ابھی اصل فلم چلنا باقی ہے،پاکستان نے تو اپنا حساب چکا دیا ،بھارتی اقدامات کابھرپورجواب دیا اور سندھ طاس معاہدے کے معاملے پر جواباً بھارتی ائیرلائنزکےلئے فضائی حدود بندکی گئی بھارت اب دنیا میں تنہائی کا شکار ہے،2019 میں بھی پلوامہ اٹیک کے وقت بھارت نے جھوٹ کا سہارا لیا، پہلگام واقعہ میں پاکستان کا کوئی ہاتھ نہیں، بھارت کا بیانیہ کامیاب نہیں ہونے دیا۔
نائب وزیراعظم نے کہا قومی سلامتی کمیٹی کی میٹنگ میں بھارت کو بھرپورجواب دینے کا فیصلہ کیا گیا، فضائیہ کے بہادرپائلٹس نے 6 بھارتی طیارے مار گرائے ،4 رافیل بھی شامل ہیں، بھارت نے جان بوجھ کر اپنے 2 میزائل سکھ آبادی میں گرائے تاہم بھارتی بیانیے کو عالمی سطح پر پذیرائی نہیں ملی۔
اسحاق ڈار نے کہاصبح سوا 8 بجے امریکی وزیرخارجہ نے فون پرکہا بھارت جنگ بندی چاہتا ہے، جنگ شروع بھارت نے کی تھی اور ختم بھی بھارتی درخواست پرہوئی، دونوں ملکوں کی فوجیں پوزیشن بدل چکیں،بھارتی سیاسی قیادت سے سیز فائر ہضم نہیں ہورہا، میزائل پروگرام پاکستان کی ڈھال ہے،کابل جا کر چائے پینے اور دہشتگردوں کےلئے سرحد کھولنے سے نقصان اٹھانا پڑا۔
نائب وزیراعظم نے کہا بیرون ملک مقیم ہر پاکستانی ملک کے سفیر ہیں، پاکستانی برادری سے ملکر دلی خوشی ہوئی، پاکستان ،ملائیشیا کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات ہیں،پاکستان نے مشکل حالات میں ٹیک آف کیا، تاریخ میں پہلی بار آئی ایم ایف پروگرام مکمل ہوا،2018 تک دنیا کی 24 ویں بڑی معیشت ، چند سالوں میں پاکستان نے جی 20 ممالک میں شامل ہونا تھا لیکن پھرجو کچھ ہوا سب کے سامنے ہے،پاکستان 24 سے 47 ویں معیشت پر چلا گیا،وزیراعظم شہبازشریف کی سربراہی میں ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا ۔
اسحاق ڈار نے کہا 16 ماہ میں پالیسی ریٹ 22 سے 11 فیصد پر آچکا، مہنگائی 38 فیصد سے کم ہو کر سنگل ڈیجٹ میں آگئی ، معاشی بحالی کیلئے دن رات کوششیں جاری ہیں، پاکستان کو جی 20 ممالک میں شامل کرنا ہدف ہے،اسحاق ڈار نے کہاواضح کر دیاپاکستان کا پانی بند کیا تو جنگ کے مترادف ہوگا، بھارت نے کسی بین الاقوامی ضابطے کے بغیر سندھ طاس معاہدے کو معطل کیا،کہا جاتا تھا پاکستان ڈپلومیٹک سطح پر آئسولیٹ ہوچکا ، پاکستان 177 ووٹوں کی برتری سے سکیورٹی کونسل کا ممبر منتخب ہوا ہے، نوازشریف نے 1998 میں ایٹمی دھماکے کئے، پاکستان کی طرف کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔
نائب وزیراعظم نے کہاسب کو بتایا بھارت غلط بیانی کر رہا ہے، دہشتگردی کے مقابلے میں 80 ہزار لوگوں نے جام شہادت نوش کیا،بہت کلیئر ویژن ہے دہشتگردی کو ہمیشہ کیلئے ختم کرنا ہے، آنے والی جنریشن کیلئے دہشتگردی سے متاثرہ پاکستان نہیں چھوڑ سکتے۔
دریں اثنا نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ملائیشیا کے وزیراعظم سری انور ابراہیم سے ملاقات کی،وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے نیک خواہشات کا اظہار اور ملائیشیا کےساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا، سال 2025 کیلئے آسیان چیئر کے طور پر ملائیشیا کی قیادت کو سراہا،ترجمان کے مطابق ملائیشین وزیراعظم انور ابراہیم رواں سال اکتوبر میں وزیراعظم شہباز شریف کے دورے کے منتظر ہیں۔
مزید برآں اسحاق ڈار کمبوڈیائی ہم منصب سے بھی ملے،ملاقات میں پاکستان ، کمبوڈیا کے درمیان تجارت و سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق ،دوطرفہ روابط کو ہر سطح پر فروغ دینے پر زور دیاگیا،اسحاق ڈار نے کہا کمبوڈیا کے وزیراعظم کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں ،دورے کی تاریخیں سفارتی ذرائع سے طے کی جائیں گی۔
بھارتی سیاسی قیادت سے سیز فائر ہضم نہیں ہورہا،اسحاق ڈار



















