لاہور(اپنے رپورٹر سے) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا ہے غلط بیانی پر ملک کے وزیراعظم کو نااہل کیا جاسکتا ہے تو ایوان کو تماشا بنانے والوں کو کیوں نہیں کیا جاسکتا،آرٹیکل 62 اور 63 آمریت کی نشانی، جمہوریت کیخلاف استعمال کیا گیا، میں آرٹیکل 62 اور 63 کا شدید مخالف ہوں، چاہیں تو انہیں نکال کر پھینک دیں، یہ نہیں ہوسکتا آئین کی دفعات کا من پسند استعمال کیا جائے، سپیکر ملک احمد خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بغیر نام لیے پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا آپ کی سیاسی جماعت غنڈہ گردی چاہتی ہے جو سڑک پر ہوتی رہی، لوگوں کو تو پھانسیاں دی گئیں، ماو¿ں اور بیویوں کے جنازے اٹھے، کیا اس کی گواہی اسمبلیاں ہوں گی یہ تو میرا سوال ہے، اگر پارلیمانی پارٹی بیٹھ کر بات نہیں کرے گی تو 63 ٹو کا فیصلہ سامنے آ جائے گا، اسمبلی میں آنے سے پہلے اور بعد کے معاملات الگ الگ ہیں، اسمبلی میں تقریر ، پارلیمانی روایات کو پسند کرتا ہوں، کیا صرف آپ کی گالی دینا ہی صلاحیت ہے، سپریم کورٹ کا فیصلہ جس سے نوازشریف گھر گیا یہ اچھا فیصلہ نہیں ہے، پانامہ کیس میں بالکل واضح لکھا ہے ممبران کی جانب سے حلف کی خلاف ورزی پر سپیکر الیکشن کمیشن کو نااہلی کےلئے ریفرنس بھیجے گا،35سال سے غنڈہ گردی کو بریک لگنی چاہیے، 30 دن کے اندر اندر فیصلہ کروں گا، پارلیمنٹ کا حسن بات چیت ہے، حکومت و اپوزیشن سے کہوں گا الفاظ کی حرمت کو مت بھولیں، سیاست بات چیت کا نام ہے مرنے مارنے کا نام نہیں، غلط بیانی پر وزیراعظم کو نااہل کیا جاسکتا ہے تو ایوان کو تماشا بنانے والوں کو کیوں نہیں کیا جاسکتا،ملک احمد خان نے کہا میں ایک سیاسی آدمی ہوں، میری بنیاد کسی رکن کی معطلی پر نہیں کھڑی ہوئی، ابھی میری ساری توجہ اس چیز پر ہے کہ ایوان کو کیسے چلانا ہے، کیا ان لوگوں کا دماغ کام کر رہا ہے جو میرے ریفرنس پر اعتراض اٹھا رہے ہیں؟ میں کسی کے حق نمائندگی کو چھیننے کے حق میں نہیں ہوں ،ادھر وفاقی وزیر قانون اعظیم نذیر تارڑ نے کہا ہے سپیکر کے اختیارات لامحدود ہیں، سپیکر ہاو¿س کے سربراہ ہیں، کرسیاں مارنا اور مائیک اکھاڑنا احتجاج نہیں،پنجاب اسمبلی میں 26 اراکین کی معطلی پر صحافیوں سے گفتگو میں وفاقی وزیر نے کہا سپیکر کے پاس وہی اختیارات ہیں جو گھر کے بڑے کے پاس ہوتے ہیں، اگر آپ اس حلف کی پامالی کرتے ہیں تو سپیکر کے پاس اختیارات ہیں کہ کسی بھی ممبر کو معطل کر سکیں، سپیکر درمیان میں بٹھایا جاتا ہے کہ اسے غیر جانبدار ہونا چاہیے، احتجاج اپوزیشن کا حق ہے لیکن کرسیاں مارنا اور مائیک اکھاڑنا احتجاج نہیں، سپیکر جمہوری روایات کو مد نظر رکھتے ہوئے گھر کے بڑے سربراہ کی طرح بہتر راستہ ہی نکالیں گے۔
غلط بیانی پر وزیراعظم نااہل ہوسکتا ہے تو ایوان کو تماشہ بنانےوالے کیوں نہیں: سپیکر پنجاب اسمبلی



















