ساہیوال(بےورورپورٹ)کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے ریونیو افسران پر زور دیا ہے کہ سرکاری واجبات کی وصولی کو ترجیح دیں اور جائیدادوں کی خرید و فروخت پر میوٹیشن فیس لگانے سے پہلے جائیداد کی مالیت کی جانچ پڑتال بھی کریں تاکہ درست فیس وصول کی جا سکے۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں سرکاری واجبات کی وصولی کے بارے میں جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز شاہد محمود، احمد عثمان جاوید، ماریہ طارق ایڈیشنل کمشنر ریونیو خالد محمود گجر اور اے سی ریونیو غلام حسین سمیت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز ریونیو اور اسسٹنٹ کمشنرز نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے مالی سال 2024-25ءکی کم ریکوری پر تشویش کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ اگلے مالی سال کے تخمینہ جات کا ٹارگٹ زمینی حقائق کے مطابق مقرر کیا جائے۔ انہوں نے ریونیو افسران پر زور دیا کہ ان پر عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی بھی بھاری ذمہ داری ہے اسلئے جہاں ممکن ہو سائلین کو ریلیف بھی دیا جائے۔دوسری طرف بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن ساہیوال کے سالانہ بجٹ برائے سال 2025-26ءکی منظوری دیدی گئی۔ بورڈ کی آمدن کا تخمینہ ایک ارب 74 کروڑ روپے لگایا گیا ہے جبکہ اخراجات کا تخمینہ ایک ارب 99 کروڑ 80 لاکھ روپے ہے۔ بجٹ کی اہم بات بورڈ کی نئی تعمیر شدہ بلڈنگ کی سولرائزیشن کا منصوبہ ہے جس سے بجلی کے بل میں بڑی بچت ہوگی۔ بجٹ کی منظوری بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں دی گئی جس کی صدارت چیئر پرسن بورڈ/ کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے دی۔ اجلاس میں ڈائریکٹر ڈیویلپمنٹ اینڈ پلاننگ/فوکل پرسن بورڈ شفیق احمد ڈوگر، سیکرٹری بورڈ فیاض سلیمی، کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر رانا نوید عظمت، آڈیٹر بورڈ مختار احمد اور بورڈ ممبران وائس چانسلر یونیورسٹی آف ساہیوال پروفیسر ڈاکٹر جاوید اختر، ڈائریکٹر کالجز ڈاکٹر عندلیب، سی ای اوز سکول ایجوکیشن تنویر احمد غزالی، یاسین خان بلوچ اور محمد یوسف نے بھی شرکت کی۔ بجٹ تفصیلات کے مطابق بورڈ کے آمدن کے بڑے ذرائع امتحانی فیس اور تعلیمی اداروں کی رجسٹریشن ہے جس کاتخمینہ بالترتیب 73 کروڑ 96 لاکھ روپے اور 57 کروڑ 24 لاکھ روپے لگایا گیاہے جبکہ زیادہ تر اخراجات تنخواہوں اور امتحانات کے انعقاد سے متعلق ہیں۔ اجلاس میں بورڈ کی پروسیسنگ فیس، سرٹیفکیٹ فیس اور ڈیویلپمنٹ فیس میں ردوبدل کی بھی منظوری دی گئی۔ بورڈ آف گورنرز نے بجٹ کی تیاری میں شریک بورڈ افسران و ملازمین کیلئے ایک بنیادی تنخواہ بطور بونس اور پنجاب حکومت کی طرف سے کئے گئے ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافے کی بھی منظوری دی گئی۔
ریونیو افسران سرکاری واجبات کی وصولی کو ترجیح دیں: کمشنر ساہیوال



















