شہدا کا خون قومی قوت کی بنیاد ، احسانات کا بدلہ کبھی نہیں چکا سکتے،فیلڈ مارشل


راولپنڈی: (بیورورپورٹ)فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے شہدا کا خون قومی قوت کی بنیاد ہے ،احسانات کا بدلہ کبھی نہیں چکا سکتے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہید میجر سید معیز عباس شاہ کی نماز جنازہ چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں ادا کی گئی،چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزیر داخلہ، اعلیٰ عسکری و سول حکام، افسروں،جوانوں نے شرکت کی۔

فیلڈ مارشل نے شہید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا میجر سید معیز عباس شاہ نے دشمن کےخلاف دلیری سے لڑتے ہوئے جان کا نذرانہ پیش کیا، عظیم قربانی بہادری، ایثار ،حب الوطنی کی اعلیٰ ترین روایتوں کی مظہر ہے،پوری قوم شہادت پر غمزدہ اور فخر بھی کرتی ہے۔

دوسری جانب قومی اسمبلی میں میجر معیز شہید و دیگر شہید فوجی جوانوں کےلئے دعائے مغفرت کی گئی،دعا پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی عبدلقادر پٹیل نے کرائی۔