خواتین کی نازیبا وڈیوز اور تصاویر بناکر بلیک میل کرنیوالے 3 بہن بھائی گرفتار

راولپنڈی (مشرق نیوز) خواتین کی نازیبا وڈیوز اور تصاویر بناکر بلیک میل کرنے والے 3 بہن بھائی گرفتار کرلئے گئے جبکہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی راولپنڈی نے ملزمان کے قبضے سے برآمد ہونے والے موبائل فونز سے نازیبا وڈیوز ،تصاویر اور چیٹ بھی برآمد کرلی لیں۔

رپورٹ کے مطابق حکام نے بتایا کہ راولپنڈی میں دو سگی بہنوں اور ایک بھائی پر مشتمل ایسے گروہ کا انکشاف سامنے آیا جس میں بہنیں پہلے سادہ لوح لڑکیوں سے دوستی کرتیں اور پھر اپنے بھائی سے انکا تعارف کرواتیں اور پھر تینوں ملکر انہیں نفسیاتی جال میں پھانس کر انکی نجی زندگی کو نشانہ بنانے کیلئے قربت بڑھنے پر غیر اخلاقی نوعیت کی ویڈیوز اور تصاویر خفیہ طور پر تیار کرتے، بعد ازاں مواد کو لیک کرنے کی دھمکی دیکر متاثرہ افراد سے مالی مطالبات کئے جاتے۔

متاثرہ خاتون کی درخواست پرایڈیشنل ڈائریکٹر محمود الحسن ستی کی ہدایت پر سرکل انچارج ندیم احمد خان نے انکوائری مکمل کی اور الزامات درست پائے جانے پر فوری کارروائی کی منظوری دی جس پر ملزمان کے خلاف پیکا ایکٹ سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے تینوں بلیک میلر بہن بھائیوں تسمیہ فاروق، صائمہ نرین اور عامر کو گرفتار کر لیا گیا۔

حکام کا کہنا تھا کہ ملزمان کو جدید ڈیجیٹل ذرائع اور انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کے ذریعے گرفتار کیا گیا۔ملزمان کے قبضے سے ڈیوائسز کی فارنزک جانچ سے قابل اعتراض ویڈیوز، تصاویر اور چیٹس برآمد ہوئیں جن سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ دیگر ملزمان کا تعین تفتیش میں سامنے آنے پر کیا جایے گا۔