قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس آج، علاقائی صورتحال پر مشاورت ہوگی

اسلام آباد (مشرق نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس آج طلب کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج دوپہر 2 بجے وزیراعظم ہاوس میں ہوگا، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر داخلہ محسن نقوی، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سمیت دیگر شریک ہوں گے۔

اجلاس میں عسکری اور سول قیادت شرکت کریگی، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اپنے حالیہ دورہ امریکہ پر شرکا کو اعتماد میں لیں گے۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں ایران، اسرائیل اور امریکہ کے درمیان جاری تنازع پر تفصیلی مشاورت کی جائے گی اور ایران کی حمایت سمیت دیگر اہم امور پر بڑے فیصلے کئے جانے کا امکان ہے۔

اجلاس میں قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں ملکی داخلی اور سرحدی سکیورٹی کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔واضح رہے کہ امریکہ نے اتوار کی صبح ایران میں تین نیوکلیئر تنصیبات پر براہ راست فضائی حملے کر دیئے، واشنگٹن پہلی بار براہ راست اسرائیل کی جاری جنگ میں شامل ہوگیا۔