ایران،اسرائیل جنگ بندی کیلئے مذاکرات شروع،کشیدگی پھیلی تو کسی کے قابو میں نہیں رہے گی،اقوام متحدہ
جنیوا:(مشرق نیوز)ایران،اسرائیل جنگ بند ی کیلئے مذاکرات کا آغاز جبکہ اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کشیدگی پھیلی تو کسی کے قابو میں نہیں رہے گی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جنیوا میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کےساتھ ملاقات میںیورپی یونین کی خارجہ پالیسی سربراہ کایا کالاس، فرانسیسی وزیر خارجہ ژاں نوئل بارو، برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لامی اور جرمن وزیر خارجہ یوان وادیفل نے شرکت کی،وفد نے ایران کو اسرائیل کےساتھ جنگ بندی پر راضی کرنے کےلئے اہم تجاویز پیش کردیں۔
قبل ازیں فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے کہاایران کی جوہری مذاکرات میں واپسی ترجیح ہے ،ایران کے ایٹمی ہتھیاروں سے لیس ہونے کے امکان کو سنجیدگی سے لینا ہوگا،جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنے کےلئے کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جانی چاہیے۔
ملاقات سے قبل گفتگو کرتے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے واضح کیا جب تک اسرائیل ایران کے خلاف حملے جاری رکھے گا،امریکہ سے بات چیت کا کوئی ارادہ نہیں تاہم دیگر یورپی فریقین کےساتھ مذاکرات کےلئے تیار ہیں۔
دریں اثنااقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں خطاب کرتے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اسرائیل کے جوہری تنصیبات پر حملوں کو سنگین جنگی جرائم قرار دیتے ہوئے کہاپوری طاقت کےساتھ اپنی علاقائی سالمیت ، خودمختاری کا دفاع کرنے کےلئے پرعزم ہیں،15جون کو امریکہ کےساتھ ملاقات طے تھی تاکہ حوصلہ افزا معاہدے تک پہنچا جاسکے لیکن اسرائیلی حملے سفارتکاری کےساتھ غداری تھے، بلاجواز جنگ مسلط کی گئی، ایران اسرائیلی بربریت کےخلاف اپنا دفاع کررہا ہے،اپنی خومختاری کی حفاظت کرنا بنیادی حق ہے۔
ادھر سلامتی کونسل کے اجلاس میں سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے ایران اسرائیل فوری جنگ بندی کا مطالبہ کردیا،انتونیو گوتریس نے خطاب کرتے ہوئے کہاایران بار بار کہہ چکا ایٹمی ہتھیار نہیں بنا رہا،کشیدگی پھیلی تو کسی کے قابو میں نہیں رہے گی ، امن کو موقع دیا جائے، جنگ روکنے ،مذاکرات کی میز پر آنے کی دعوت دیتا ہوں،سلامتی کونسل سے امن کا پیغام جانا چاہیے، دونوں طرف حملوں سے عوام متاثر ہورہے ہیں، اسرائیل،ایران فوری جنگ بندی کریں۔
سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے کہاایران میں ایٹمی تنصیبات ،عوامی مراکز پر حملے کیے گئے، عوامی مقامات ،طبی مراکز پر حملے عالمی قوانین کےخلاف ہیں،کشیدگی کو صرف اور صرف سفارتکاری کے ذریعے حل کیا جا سکتا ہے،کشیدگی کو اب مزید بڑھنے نہیں دیا جاسکتا، فوری جنگ بندی وقت کی ضرورت ہے۔
اقوام متحدہ کی انڈر سیکرٹری روسی میری نے کہا یورپین ممالک اور ایران کے درمیان ہونےوالے مذاکرات کا خیر مقدم کرتے ہیں،ایران ،اسرائیل کے معاملات پوری دنیا دیکھ رہی ہے ، ایران پر حملے کی وجہ جوہری پروگرام کا پھیلاو ہے ،جنگ کے باعث اسرائیل کی فضائی حدود بند ہے ، مغربی علاقوں میں کئی چیک پوسٹوں کو بھی بند کیا گیا،ہر گزرتے وقت کےساتھ عوام کےلئے حالات مشکلات کا شکار ہورہے ہیں ، کشیدگی کے بعد امن کے دروازے ابھی بھی بند نہیں ہوئے۔
سربراہ عالمی جوہری کمپنی( آئی اے سی اے) رافیل گروسی نے کہا نظز سے تابکاری کے کوئی شواہد نہیں ملے، ایران کے ایٹمی پلانٹ میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، جوہری تنصیبات پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا ایران میں اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہیں،اسرائیل عالمی قوانین کی خلاف ورزی کررہا ہے ،جنگ سے دونوں ممالک کے عوام متاثر ہورہے ہیں،تنازع کا پرامن حل چاہتے ، اسرائیلی حملے اقوام متحدہ چارٹر کے بھی خلاف ہیں،اپنے برادر ملک ایران سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔
عاصم افتخار نے کہاعالمی ایٹمی توانائی ایجنسی اپنی ذمہ داریاں پوری کرے، اسرائیلی جارحیت کو روکنا سلامتی کونسل کی بنیادی ذمہ داری ہے، سلامتی کونسل ایران پر ہونےوالے 13 جون کے حملوں کی مذمت کرے اوراپنی قرار دادوں پر عمل درآمد کرائے،سیکرٹری جنرل کی جانب سے جنگ روکنے پر زور دینا قابل ستائش ہے۔
اقوام متحدہ میں روسی مندوب نے کہاایران اسرائیل تنازع سے تشویش ہے، جنگ رکوانے کےلئے اقوام متحدہ فوری ذمہ داریاں پوری کرے، ایران کا جوہری پروگرام عالمی ایٹمی ایجنسی کی نظر میں ہے۔
چینی سفیر نے کہا ایران اسرائیل کشیدگی کا فوری حل چاہتے ہیں ، دونوں ممالک کے تنازع سے سکیورٹی صورتحال پیدا ہوئی،ایران ،اسرائیل کو مذاکرات کا راستہ اپنانا چاہیے،چین مشرق وسطیٰ میں امن کیلئے اپنی خدمات پیش کررہا ہے، ایرانی ایٹمی تنصیبات پر اسرائیلی حملوں کے تباہ کن نتائج ہوسکتے ہیں۔



















