معاشرے میں تقسیم، انتشار ، تشدد کی بڑی وجہ نفرت انگیز تقاریر ہیں: مریم نواز

لاہور( اپنے رپورٹر سے)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں نواز شریف آئی ٹی سٹی پراجیکٹ پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، نوازشریف آئی ٹی سٹی سپیشل ٹیکنالوجی زون اتھارٹی سے منظور شدہ پنجاب کا پہلا ادارہ بن گیا ،ایس ٹی زیڈ اے نے این ایس آئی ٹی سیلی کون بلاک کی باقاعدہ منظوری دےدی، اجلاس میں بتایا گیا نوازشریف آئی ٹی سٹی میں دنیا کے بڑے اور نامور انٹرنیشنل آئی ٹی گروپس نے دلچسپی کا اظہار کیا ہے، نوازشریف آئی ٹی سٹی کے سیلی کون بلاک میں 23 بڑی آئی ٹی کمپنیاں ادارے قائم کرنے کو تیار ہیں،ادارے یا آفس کے قیام کےلئے پلاٹ بھی لے لیے گئے ہیں، لندن کا نامور ایمپیریل کالج نووے کیئر کے اشتراک سے میڈیکل کالج اور ہسپتال بنائے گا، نیٹ سول نواز شریف آئی ٹی سٹی میں پاکستان کی پہلی جامع آئی ٹی یونیورسٹی قائم کرے گا، روٹس گروپ برطانوی وارک یونیورسٹی کےساتھ جوائنٹ وینچرکرے گا، اسی طرح معروف کمپنیاں ڈیٹا فورٹ اور ماری ٹیک بھی مشترکہ طور پر ٹئیر تھری اور ٹیئر فور ڈیٹا سنٹر بنائیں گے، ڈیٹا روکز نے پنجاب کی پہلی ایف ٹی اے سے منظور شدہ لیب بنانے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے، سی بی ڈی کے سی ای او عمران امین نے پراجیکٹس پر تفصیلی بریفنگ دی، وزیراعلیٰ نے نوازشریف آئی ٹی سٹی کے قیام کےلئے مزید موثر، تیز تر اور ضروری اقدامات کی ضرورت پر زوردیا،نفرت انگیز تقاریر کے انسداد کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں مریم نواز نے کہا معاشرے میں تقسیم، انتشار اور تشدد کی بڑی وجہ نفرت انگیز تقاریر ہیں، نفرت، تعصب اور تنگ نظری کو ہر محاذ پر شکست دینی ہے، نفرت انگیز تقاریرکا زہر معاشروں میں تقسیم، انتشار اور تشدد کو جنم دیتا ہے، نفرت انگیز تقاریر کسی ایک فرد پر حملہ نہیں ہوتیں، یہ انسانیت کے ضمیر پر وار ہوتی ہیں، اسلاموفوبیا نفرت انگیز رویوں کی سب سے خطرناک شکل ہے، مسلمانوں کی شناخت، مساجد اور گھروں کو نفرت کا ہدف بنایا جاتا ہے،وزیر اعلیٰ نے کہا نفرت کی روش امن عالم کےلئے مستقل خطرہ ہے، عالمی برادری آزادی اظہار کے نام پر نفرت پھیلانے والوں کا محاسبہ کرے، کسی کو بھی نفرت کے بیج بونے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، وطن عزیز میں محبت، برداشت اور احترام کو فروغ دیں گے۔