نوسربازوں کی چالاکیاں،”آپکا قریبی عزیز پکڑا گیا ہے پیسوں بھیجو“ لوٹ مار کا نیا طریقہ ایجاد

لاہور (حافظ کاشف سندھو سے ) لاہور شہر میں جدید ٹیکنالوجی کے ماہر نوسربازوں کیخلاف متعلقہ ادارے حرکت میں نہ آسکے، نوسربازوں کی جانب سے موبائل فون صارفین کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام، احساس پروگرام، اے ٹی ایم بلاکیج سمیت مختلف خودساختہ انعامی سکیموں کے نام پر لوٹنے کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ اسکے علاوہ فراڈیوں نے معصوم افراد کو چونا لگانے کا ایک نیا اور انوکھا طریقہ ایجاد کیا ہے۔ مقامی اخبار کے معروف صحافی کی والدہ نے بتایا کہ انہیں ایک کال فون نمبر 0325-6168038 آئی جو اپنے آپکو تھانہ کینٹ کا سب انسپکٹر منور حسین ظاہر کررہا تھا، اور کہا کہ آپکا عزیز ایک کیس میں تھانے میں بند ہے۔ آپ 20 ہزار روپے جاز کیش کرائیں تو آپکے بچے کے ساتھ رعایت کردی جائیگی، دوسری ٹورت میں آپکے بچے کو لمبے عرصے کیلئے جیل کی ہوا کھانی پڑیگی، پھر آواز بدل کے روتے ہوئے کسی بچے کے ساتھ بات کرائی جس پر پریشانی کے بزرگ خاتون نے اسکے نمبر 0326-6147953 پر 10 ہزار جاز کیش کروا کر متعلقہ تھانے کینٹ رابطہ کیا تو انہوں نے کسی منور حسین سب انسپکٹر کے بارے لاعلمی کا اظہار کیا اور کارروائی سے انکار کرتے ہوئے ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ سے رابطہ کرنے کا بو ل کر ٹال دیا۔ یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے ماہر نوسربازوں کی جانب سے شہریوں کے موبائل فونز پر میسج کئے جاتے ہیں جس پر لکھا ہوتا ہے کے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام، احساس پروگرام کے گھر گھر سروے کے دوران آپکا نمبر نوٹ کیا گیا تھا اور آپکو پہلی قسط کے مطابق 25 ہزار کی رقم ملے گی جس کیلئے دیئے گئے نمبر پر رابطہ کریں۔ سادہ لوح شہریوں کی جانب سے رابطہ کرنے پر کہا جاتا ہے کہ رقم کی وصولی کیلئے موبائل کارڈ ارسال کئے جائیں تاکہ آپکا اکاﺅنٹ ایکٹو کیا جاسکے اور آپکی رقم ایزی پیسے کے ذریعے روانہ کردی جائےگی۔ اسی طریقے پر گلشن راوی کا ایک سادہ لوح شہری اقبال نوسربازوں کے ہاتھوں لٹ گیا اور ان نوسر بازوں کو 3000 کے موبائل کارڈز کے نمبر لکھوا دئیے۔ دوسری جانب بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام، احساس پروگرام کے علاوہ اب نوسربازوں کی جانب سے اے ٹی ایم بلاکیج اور مختلف انعامی سکیموں کا جھانسہ الگ سے دیا جاتا ہے اور اس طریقے سے بذریعہ کارڈز رقم طلب کی جاتی ہے۔ ذرائع کے مطابق منظم گروہ کی جانب سے کئی برسوں سے اس طرح سادہ شہریوں کو بے وقوف بنایا جا رہا ہے لیکن قابل افسوس امر یہ ہے کہ اسکے تدارک کیلئے حکومت کی جانب سے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے۔ پولیس سے رابطہ کرنے پر وہ ایف آئی اے سے رابطہ کرنے کا کہہ کر ٹال دیا جاتا ہے اور جب ایف آئی اے سے رابطہ کیا جائے تو وہ یہ کہہ کر ٹرخا دیتے ہیں کہ ابھی ہمارے پاس اور بہت سے کیس ہیں، جب آپکی باری آئی آپکو کال کردی جائیگی۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سیاسی ملزموں کو تو گھنٹوں میں ٹریس کرلیا جاتا ہے مگر غریب عوام کو جو نوسر باز دن رات لوٹ رہے ہیں، انکو پکڑنے کیلئے ان اداروں کے پاس وسائل ہیں اور نہ ہی وقت، تو ایسے ادارے جو ہمارے ٹیکسوں پر پل رہے، اگر عوام کو تحفظ فراہم نہیں کرسکیں تو انکو بند کردینا چاہئے۔ شہریوں کا مزید کہنا تھا اگر وہ موبائل کمپنی کے نمائندہ سے رابطہ کریں تو انکو بتایا جاتا ہے کہ یہ فراڈ ہے، کمپنی اس بارے کچھ نہیں کرسکتی۔ صارفین نے وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ ان نوسربازوں سے نمٹنے کیلئے مربوط پالیسی بنائی جائے اور ایف آئی اے کو ان نوسربازوں کیخلاف سخت کارروائی کرنے کے احکامات جاری کرنا چاہئیں جو سادہ لوح شہریوں کو انکی جمع پونجی سے محروم کررہے ہیں جبکہ دوسری طرف بینک حکام کا کہنا تھا کہ بنک کسی بھی کھاتہ دار کی تفصیلات معلوم کرنے کیلئے شہریوں کو کوئی میسج نہیں کرتے۔ یہ نوسرباز ہیں جو سادہ صارفین کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے لوٹتے ہیں۔