لاہور:(رانا خالد قمر) قومی سیاست میں بڑی تبدیلی کا امکان،پیپلز پارٹی اپوزیشن بنچوں پر بیٹھنے کےلئے تیار، عمر ایوب کی جگہ بلاول بھٹو اپوزیشن لیڈر ہوں گے۔
خیبر پختونخوا میں بھی علی امین گنڈاپور کی حکومت کا خاتمہ، جمعیت علمائے اسلام اور پیپلز پارٹی کی اتحادی حکومت بننے کے امکانات روشن، اکرم خان درانی وزیر اعلیٰ کےلئے فیورٹ ہیں۔
انتہائی باخبر ذرائع کے مطابق اسٹیبلشمنٹ اور وفاقی حکومت نے فیصلہ کیا ہے آئندہ 3 ماہ میں پی ٹی آئی سے تمام اہم عہدے چھین لئے جائیں،اسٹیبلشمنٹ کی خواہش تھی پی ٹی آئی کو قومی دھارے میں رہنے دیا جائے لیکن تمام تر کوششوں کے باوجود پی ٹی آئی”سسٹم“ کو نہیں چلنے دے رہی جس سے تنگ آکر اسٹیبلشمنٹ اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرنے پر مجبوری ہوئی اب عدالتوں سے 9 مئی حملہ کیس اور مخصوص سیٹوں کے کیس میں اسٹیبلشمنٹ کو”ریلیف“ ملنے کا یقین ہے اس لئے مستقبل کی منصوبہ بندی کرلی اور تحریک انصاف کی”بلیک میلنگ“ سے بچنے کےلئے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور دیگر اہم سیٹیں پی ٹی آئی سے واپس لینے کا فیصلہ کر چکی ہے۔
ذرائع نے مزید کہا پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز حکومتی بنچوں سے اٹھ کر اپوزیشن بنچوں پر بیٹھ جائےگی، بلاول بھٹو عمر ایوب کی جگہ اپوزیشن لیڈر ہوں گے ،اگلے مرحلے میں خیبر پختونخوا میں بھی حکومت تبدیل کردی جائےگی، امکان ظاہر کیا جا رہا ہے پی ٹی آئی کی جگہ جمعیت علمائے اسلام، پیپلز پارٹی اور دیگر جماعتوں کی اتحادی حکومت بنے گی جبکہ وزیر اعلیٰ کےلئے اکرم خان درانی کو فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے۔
قومی سیاست میں بڑی تبدیلی کا امکان،پیپلز پارٹی اپوزیشن بنچوں پر بیٹھنے کےلئے تیار



















