برا وقت ہوتو ن لیگ والے پاﺅں پڑتے ،ساتھ چلنا مجبوری ہے، زرداری

لاہور: (سٹاف رپورٹر) صدر مملکت آصف زرداری نے ایک پھر اتحادی جماعت مسلم لیگ (ن) سے گلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں جو ہورہا سب معلوم، برا وقت ہوتو پاﺅں پڑتے ہیں، پوزیشن ملے تو گلے پڑ جاتے ہیں، طے فارمولے پرعمل نہیں ہورہا،ساتھ چلنا مجبوری ہے۔

آصف زرداری سے پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے اراکین پنجاب اسمبلی نے ملاقات کی، ممبران اسمبلی نے صوبائی حکومت کیخلاف شکایات کے انبار لگا دئیے۔

ایم پی ایز نے کہا کہ 8 کلب تک جانے کی اجازت نہیں،صرف ن لیگی اراکین کے کاموںکو ترجیح دی جاتی ہے، منصوبے انتہائی سست روی کا شکار ہیں،کیسے بلدیاتی انتخابات کی تیاری کریں، پنجاب حکومت کا رویہ درست نہیں، 100 میں سے 2 فیصد کام بھی ترلوں منتوں کے بعد کیے جاتے ہیں، حلقوں میں بے شمار ایسے افراد موجود ہیں جن کو راش کارڈ نہیں ملے، دھکے کھا کھا کر تھک گئے۔ ن لیگی ایم پی اےز لسٹ میں اپنے تمام نام شامل کرالیتے ہیں،کیسا شفافیت کا نظام ہے؟۔

صدر مملکت نے کہاکچھ تو ایسے افراد بھی موجود ہیں جو خود اچھے خاصے کھاتے پیتے، ملازمین تک کی سہولت مل رہی ہے،پنجاب میں جو ہورہا سب معلوم ہے، برا وقت ہوتو پاﺅں پڑجاتے ہیں، پوزیشن ملے تو گلے پڑتے ہیں، سب کی پوزیشن بہتر طریقے سے جانتا ہوں، بیوروکریسی جو کئی کئی سالوں سے ان کی ہے تابعداری تو کریگی، خاتون ممبراسمبلی نے کہا آپ جب لاہور آتے ہیں تو ایوانوں میں زلزلہ آجاتا ہے۔ صدر نے کہا مجھے پتہ ہے 2، 3دن لاہور بیٹھوں تو بہت سوں کو پریشانی شروع ہوجاتی ہے، فی الحال بہت سی مجبوریاں ہیں جس وجہ سے ملک کےلئے ساتھ چلنا ہے، پاکستان کو آگے لیکرجانا ہوگا،پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ملک ،عوام کے مفادات کا سوچ کر قدم بڑھایا اب بھی ملک اور عوام کے مفادات کےلئے جنگ لڑ رہے ہیں۔

آصف زرداری نے کہا جتنا ہوسکتا ہے ترقیاتی کام کرائیں جب بھی بلدیاتی یا عام انتخابات ہوں تیار رہنا ہے،پارٹی کے اندورنی معاملات پرمیں اور بلاول دونوں پنجاب میں بیٹھیں گے،تنظیم سازی پر فوکس ہوگا، آپ کے تحفظات سے متعلقہ ذمہ داروں کو آگاہ کیا تھا، امید ہے اب معاملات پہلے سے بہتر ہوجائیں گے، پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔

قبل ازیں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی جانب سے گورنر ہاﺅس لاہور میں پاکستان ،بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیموں کے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے صدرآصف زرداری نے پاکستان، بنگلہ دیش کو قریب لانے پر زور دیتے ہوئے کہا میں اس نسل سے تعلق رکھتاہوں جس نے ہمیں علیحدہ ہوتے دیکھا، میرا درد اب بھی برقرار ہے، نئی نسل علیحدگی کے درد کی کیفیت کو نہیں سمجھ سکتی، دونوں ممالک کو ماضی کی تلخیاں بھلا کرآگے بڑھنا ہوگا، ملکر زخموں کا مداوا اور دونوں ممالک کے عوام کی فلاح کےلئے اقدامات کرنا ہوں گے۔

ٓصف زرداری نے کہادونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں، نوجوان نسل کو باہمی رابطے بڑھانے کی ضرورت ہے۔ حکومت ،کاروباری حضرات بنگلہ دیش کی حکومت کےساتھ کام کرنا چاہتے ہیں، مجھے دونوں قوموں کا بہتر مستقبل نظر آرہا ہے،حکومت کی پوری کوشش ہے دلوں کو جوڑا جائے۔ بنگلہ دیشی قوم پر سرمایہ کاری کرنا ہوگی۔

صدر مملکت نے کرکٹرز اور دونوں ٹیموں کے آفیشلز کےساتھ گرمجوشی سے مصافحہ کیا ،یادگاری تحائف بھی دئیے،حالیہ سیریز میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کو سراہا،چیئرمین پی سی بی نے صدر مملکت کو نام سے مزین قومی ٹیم کی جرسی دی۔