آئی ایس آئی،ترکیہ کی خفیہ ایجنسی کامشترکہ آپریشن،داعش کا دہشتگرد گرفتار

انقرہ:(مشرق نیوز)آئی ایس آئی،ترکیہ کی خفیہ ایجنسی کامشترکہ آپریشن،داعش کا خطرناک دہشتگرد پکڑا گیا۔

ترک میڈیا کے مطابق ایم آئی ٹی کو اطلاع ملی ابو یاسر غیر قانونی طور پر ترکیہ سے افغانستان منتقل ہوا اور پاکستان جانے کی تیاری کر رہا ہے،ترکیہ کی ایجنسی نے آئی ایس آئی کو آگاہ کیا، پاکستانی ادارے نے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ترکیہ کا دشمن، پاکستان کا بھی دشمن ہے۔

معلومات کی بنیاد پر ایم آئی ٹی ،آئی ایس آئی نے پاک افغان سرحد کے قریب مشترکہ ٹارگٹڈ کارروائی کرکے ابو یاسر کو گرفتار کرلیا، ابو یاسر میوزک کنسرٹ پر حملوں میں ملوث اوردہشتگردوں کو یورپ سے افغانستان منتقل کرنے میں مدد کرتا تھا۔

گرفتاری کے بعد ابتدائی تفتیش میں اوغزور التون کے نام سے مشہور دہشتگرد نے اعتراف کیا وہ خطے میں شدت پسندوں کی منتقلی کا نگران ، داعش کی میڈیا ٹیم کا سینئر رکن اور دنیا بھر میں دہشتگردی پر اکسانے کےلئے پروپیگنڈا مہم چلا رہا تھا،ترکیہ کی خفیہ ایجنسی نے کہا کامیاب کارروائی کے نتیجے میں داعش کی ترکیہ میں ممکنہ دہشتگرد کارروائیوں کو ناکام بنادیا ، تنظیم کے متعدد منصوبے بے نقاب ہوئے، دہشتگردوں کے زیر استعمال اہم ڈیجیٹل مواد بھی برآمد کرلیا۔