”سمارٹ سیف سٹی مری“ منصوبہ مکمل فعال، سیاحتی پوائنٹس پر 170 سے زائد کیمرے نصب


لاہور:(کرائم رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایات پر ملکہ کوہسار مری میں سیاحوں کے تحفظ اور سہولت کیلئے جدید ترین ٹیکنالوجی سے آراستہ ”سمارٹ سیف سٹی مری“ منصوبہ مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ۔

مریم نواز جلد سمارٹ سیف سٹی مری کا باقاعدہ افتتاح کریں گی، مری کے مختلف داخلی و خارجی راستوں، اہم مقامات اور سیاحتی پوائنٹس پر 170 سے زائد جدید کیمرے نصب کیے گئے ہیں جو 24/7 سرویلنس کو یقینی بنا رہے ہیں، مری سمارٹ سیف سٹی پراجیکٹ میں 15 ایمرجنسی پینک بٹنز بھی لگائے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر متعلقہ اداروں کو اطلاع دی جا سکے جبکہ مختلف مقامات پر ماحولیاتی سینسرز نصب کیے گئے ہیں جو موسم، دھند، درجہ حرارت اور آلودگی کی سطح پر مسلسل نظر رکھتے ہیں۔

عوامی سہولت اور موثر نگرانی کو مزید بہتر بنانے کےلئے مقامی پولیس کو جدید باڈی کیمز اور ڈرون بھی فراہم کیا گیا ہے سیاحوں کو مفت انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرنے کےلئے فری وائی فائی ہاٹ سپاٹس بھی مختلف مقامات پر مکمل طور پر فعال کیے جا چکے ہیںتاکہ سیاح آسانی سے معلومات تک رسائی حاصل کر سکیں اور ہنگامی حالات میں فوری رابطہ ممکن ہو،مری جانے والے سیاح، مقامی انتظامیہ اور سیف سٹی کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں، کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر پنجاب ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر رابطہ کریں۔