اسلام آباد:(بیورورپورٹ) 18 سال سے کم عمر بچوں کی شادی جرم،صدر مملکت آصف زرداری نے بل پر دستخط کردئیے،قانون نافذ ہوگیا۔
ایکٹ کے تحت 18سال سے کم عمر بچوں کے نکاح کا اندراج ، شادی کو جرم قرار دےدیا گیا،نکاح پڑھانے والا شخص نکاح پڑھانے یا رجسٹرڈ کرنے سے قبل فریقین کے کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈز کی موجودگی یقینی بنائے گا،بنا کوائف نکاح رجسٹر کرنے یا پڑھانے پر ایک سال قید، ایک لاکھ جرمانہ یا دونوں سزائیں ہوں گی، کمسن لڑکی سے شادی پر کم سے کم 2 اور زیادہ سے زیادہ 3 سال قید بامشقت ،جرمانہ بھی ہوگا ،کم عمر بچوں کی رضامندی یا بغیر رضامندی شادی کے نتیجے میں مباشرت نابالغ فرد سے زیادتی سمجھی جائےگی
نابالغ دلہن یا دلہے کو شادی پر مائل یا مجبور کرنے، ترغیب دینے ، زبردستی کرنے والا شخص بھی زیادتی کا مرتکب قرار ہوگا، نابالغ دلہن یا دلہے کی شادی کرانے پر 5 سے 7 سال قید، 10 لاکھ روپے جرمانہ یا دونوں سزائیں ہوں گی،شادی کی غرض سے کسی بچے کو ملازمت پر رکھنے، پناہ دینے یا تحویل میں دینے والے شخص کو 3 سال قید بمعہ جرمانہ سزا ہوگی، قانون میں 18 سال سے کم عمر بچوں کی شادی پر والدین ، سرپرست کےلئے بھی سزائیں مقرر کردی گئیں۔
ایکٹ کے مطابق کمسن بچوں کی شادی کے فروغ، بدسلوکی یا شادی پر والدین کو 3 سال قید بامشقت ،جرمانے کی سزا ہوگی۔
ادھر پی پی رہنماشیری رحمن نے کہا بل کی منظوری سے خواتین و بچوں کے حقوق کاتحفظ ہوگا،اہم قانون سازی کا سنگ میل طے پا گیا ،صدر آصف زرداری نے دباو کے باوجود بل پر دستخط کیے،بل پر دستخط اصلاحات کے نئے دور کی علامت ہے،چائلڈ میرج پر پابندی کا قدم آنےوالی نسلوں کو تحفظ، امید اور روشن مستقبل دے گا۔
دوسری جانب انسانی حقوق کمیشن پاکستان نے اسلامی نظریاتی کونسل کے اعتراض پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہابچپن کی شادی کےخلاف بل بچوں کے تحفظ کےلئے ناگزیر ہے، پارلیمنٹ سے منظوربل کو مذہب سے متصادم قرار دینا بچوں کے حقوق کی نفی ہے،بچیوں کے استحصال کی روک تھام کےلئے قانون پر فوری عملدرآمد ضروری ہے ،بچوں کے تحفظ کو مذہبی تنازع نہ بنایا جائے ،کم عمری شادیوں کی روک تھام اور بچوں کے تحفظ کےلئے ریاست آئینی و بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کرے۔
انسانی حقوق کمیشن پاکستان نے کہااسلامی نظریاتی کونسل کی جانب سے بل میں رکاوٹ ڈالنے پر شدید تحفظات ہیں، یکطرفہ مذہبی تشریحات قانون سازی کی راہ میں رکاوٹ نہ بنیں،بچپن کی شادی کا خاتمہ قانونی و اخلاقی تقاضا ہے،بچوں کے تحفظ کا وعدہ پورا کیا جائے۔
18 سال سے کم عمر بچوں کی شادی جرم،صدر کے بل پر دستخط ،،قانون نافذ



















